مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع منصوبوں پرکام جاری ،اس شعبے کی آمدنی بڑھا کر 85 ارب ڈالر کرنے کا ہدف ہے،سعودی نائب وزیر سیاحت

62
Princess Haifa
Princess Haifa

ریاض۔15مارچ (اے پی پی):سعودی عرب کی نائب وزیر برائے سیاحت شہزادی حیفا بنت محمد بن سعود نے کہا ہے کہ مملکت میں سیاحت کے فروغ کے لیے جامع منصوبوں پرتیزی سے کام جاری ہے، ہدف ہے کہ رواں سال اس شعبے سے آمدنی بڑھا کر 85 ارب ڈالر کردی جائے ۔اخبار 24 کے مطابق شہزادی حیفا نے امریکی نیٹ ورک بلومبرگ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ دو برسوں میں سیاحت کے فروغ کے لیے ڈیڑھ سے دو لاکھ ہوٹل کمروں کا اضافہ کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاحوں کو بہتر سہولت فراہم کی جاسکے۔

شہزادی حیفا نے کہا کہ مملکت کا ہدف ہے کہ اس سال اس شعبے سے آمدنی بڑھا کر 85 ارب ڈالر کردی جائے، گزشتہ برس سیاحت سے حاصل ہونے والی آمدنی 66 ارب ڈالر تھی۔اس شعبے میں جی ڈی پی میں موجودہ شراکت 4.5 فیصد ہے جبکہ وزارت کا ہدف ہے کہ سال 2030 تک اسے بڑھا کر 10 فیصد کردیا جائے۔انہوں نے بتایا کہ ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے ویژن کے مطابق سال 2030 تک سالانہ 150 ملین سیاحوں کی مملکت آمد کا ہدف مقرر کیا ہے جس کے لیے وزارت سیاحت جامع منصوبوں پر تیزی سے کام کررہی ہے۔

مملکت میں سیاحت و تفریح کے فروغ کے لیے میگا پروجیکٹس پرترقیاتی کام تیزی سے جاری ہے جن میں القدیہ تفریحی سٹی جیسے منصوبے شامل ہیں،علاوہ ازیں سال 2034 میں ورلڈ کپ کی میزبانی کا عظیم منصوبے پر بھی تیزی سے کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ مملکت کا ہدف ہے کہ سال 2030 تک اس شعبہ میں نجی سرمایہ کاری کو بڑھا کر 80 ارب ڈالر تک لایا جائے۔