منرو،اعظم، اسٹرلنگ کی طوفانی بیٹنگ اور شاداب کی پانچ وکٹوں کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ کی بڑی جیت، چھکوں کی برسات،آفریدی کی انتہائی مہنگی بالنگ

93
پی ایس ایل ، اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو پہلے ایلیمنیٹر میں شکست دے کر ایونٹ سے باہر کردیا

کراچی۔3فروری (اے پی پی):کولن منرو، اعظم خان اور پال اسٹرلنگ کی طوفانی بیٹنگ اور کپتان شاداب خان کی بہترین بالنگ کی بدولت اسلام آباد یونائیٹڈ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو پاکستان سپرلیگ سیزن 7 کے دسویں میچ میں 47 رنز سے شکست سے دوچار کیا،

پلیئرآف دی میچ کا ایوارڈ کولن منرو کو دیا گیا۔نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں جمعرات کو کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکور 4-229کے جواب میں گلیڈی ایٹرز کی ٹیم 19.3 اوورز میں 186 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی۔شاداب خان جنہوں نے دو روز پہلے ملتان سلطانز کے خلاف 91 رنز کی فائٹنگ اننگز کھیلی تھی، اس دفعہ اپنی گھومتی ہوئی لیگ اسپین اور گوگلی بالنگ کا جادو جگایا اور 28 رنز دیکر احسان علی(50)،

سرفرازاحمد(11)، بین ڈکٹ(11)، افتخار احمد(6) اور شاہد آفریدی(4) کی وکٹیں حاصل کیں۔حسن علی اور محمد وسیم نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ احسان نے 27 گیندوں پر 50 رنز بناکر ایک بار پھر عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کیا جس میں 8 چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔محمد نواز نے آخر میں 5 چھکوں اور 2 چوکوں کی مدد سے 22 گیندوں پر 47 رنز بنائے۔

میچ کے دوران چھکوں کی برسات دیکھنے میں آئی اور مجموعی طور پر 24 چھکے لگے جس میں یونائیٹڈ نے 15 اور گلیڈی ایٹرز نے9 لگائے۔ میچ کے دوران کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اونر ندیم عمر شدید دبائو کا شکار رہے اوراپنی ٹیم کی وکٹیں جلدی جلدی گرنے پر گھبراہٹ کا شکار دیکھائی دئیے۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے کولن منرو، اعظم خان اور پال اسٹرلنگ نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی بالنگ کے پرخچے اڑادئیے۔ گوکہ گرائونڈ میں موجود چند ہزار تماشائیوں نے اس کا لطف اٹھایا لیکن ٹیلی ویژن پر دیکھنے والوں کروڑوں شائقین کا لطف دوبالا ہوگیا۔پاورپلے کے محض 6 اوورز میںیونائیٹڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 81 رنز بناکر بالرز پر اپنی دھاک بیٹھادی۔اعظم خان نے پاکستان شہرہ آفاق الرائونڈر شاہد آفریدی کی بالنگ کا جلوس نکال دیا،

آفریدی کی صرف 10 گیندوں پر 5 چھکے اور ایک چوکا لگاکر انہیں اپنی ریٹامنٹ کا احساس دلایا۔ آفریدی نے 4 اوورز میں 67 رنز دئیے جس میں ان کو 8 چھکے لگے۔اسٹرلنگ اور ہیلز نے پاورفل ہٹنگ کے ذریعے پہلے 4 اوورزمیں 55 رنز کا آغاز فراہم کیا۔ہیلز 5چوکوں کے ساتھ محض 9 گیندوں پر 22 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔ اسٹرلنگ نے اپنی طوفانی بیٹنگ سے گلیڈی ایٹرز کے بالرز کا جلوس نکال دیا،

وہ 28 گیندوں پر 7 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 58 رنز بناکر آئوٹ ہوئے۔اعظم خان نے اپنے والد محترم اور پاکستان ٹیم کے سابق کپتان معین خان کی ٹیم کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنی بیٹنگ کا جادو جگایا، اعظم خان جو اس سے پہلے کئی سیزن تک گلیڈی ایٹرز سے کھیلتے رہے، نے 35 گیندوں پر 2 چوکوں اور 6 چھکوں کی مدد سے 65 رنز بناکر شاہد آفریدی کی گیند پر بولڈ ہوگئے لیکن کولن منرو نے انتہائی برقی رفتاری سے دلکش و خوبصورت اسٹروکس کھیلے اور 39 گیندوں پر 3 چوکوں اور 5 چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست72رنز بنائے۔

سوائے محمدنواز کے جنہوں نے 32 رنز دیکر 2 وکٹیں حاصل کیں، تاہم آفریدی سمیت سہیل تنویر، جیمس فالکنراور نسیم شاہ کی خوب دھنائی لگی۔