اٹک۔ 27 فروری (اے پی پی):ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اٹک ڈاکٹر سردار غیاث گل خان کی ہدایات پر منشیات فروشوں کے خلاف کامیاب کاروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلہ میں تھانہ انجراء پولیس کی ٹیم نے دورانِ گشت ایک کار کو مشکوک جانتے ہوئے روکا جس کو مسعود عثمان چلا رہا تھا جس کی حسب ضابطہ تلاشی لینے پر مسعود عثمان ولد محمد عثمان سکنہ خوشحال گڑھ ضلع کوہاٹ سے 1200 گرام چرس برآمد کر لی۔
دوسری جانب تھانہ سٹی حسن ابدال پولیس نے منشیات فروش خان زمان ولد محمد رمضان سکنہ ارشاد نگر حسن ابدال کو چیک کرنے پر 550 گرام چرس برآمد کر لی اسی طرح صدر حسن ابدال پولیس نے منشیات فروش شہباز ولد مقصود سکنہ برہان کی تلاشی لینے پر 800 گرام چرس برآمد کرلی ۔ایک اور کاروائی میں تھانہ پنڈیگھیب پولیس نے شراب فروش محمد ریاض ولد بھائی خان سکنہ سرگودھا کے قبضہ سے 5 لیٹر شراب برآمد کر کے ملزمان کے خلاف الگ الگ مقدمات درج کر کے آہنی سلاخوں کے پیچھے دھکیل دیا۔