منصوبہ بندی اور ترقیاتی محکمہ خیبر پختونخوا کے زیراہتمام ایبٹ آباد کی ترقی کا ماسٹر پلان پیش کر دیا گیا

127

ایبٹ آباد۔ 9 ستمبر (اے پی پی):خیبر پختونخوا کے منصوبہ بندی اور ترقیاتی محکمہ کے زیراہتمام ایبٹ آباد شہر کا ماسٹر پلان شہریوں کے سامنے پیش کر دیا گیا۔ اس حوالہ سے تقریب جلال بابا آڈیٹوریم ایبٹ آباد میں منعقد ہوئی جس میں ایبٹ آباد کے مختلف لائن ڈیپارٹمنٹس کے افسران، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد رضوانہ ڈار، چیف ٹائون پلانر احمد مسعود، چیف جیالوجسٹ عامر سہیل، پراجیکٹ منیجر انورالحق، سول سوسائٹی کے ممبران، میڈیا نمائندگان اور دیگر افسران نے شرکت کی۔

تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ایبٹ آباد نے شہریوں کو ماسٹر پلان میں بھرپور شرکت کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ایبٹ آباد شہر کی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ عوام کی رائے پر منصوبہ بندی انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ شہری اپنے علاقوں کے مسائل اور ضروریات سے بہتر واقفیت رکھتے ہیں۔ تقریب میں منصوبہ بندی اور ترقیاتی محکمہ اور نیسپاک کے افسران نے منصوبہ کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ خیبر پختونخوا کے 20 اضلاع کے ماسٹر پلان پر کام جاری ہے اور اربن پلاننگ کا مقصد شہروں کو ایک منظم ترتیب کے ساتھ آباد کرنا اور شہریوں کےلئے بہتر رہائشی ماحول فراہم کرنا ہے۔

ایبٹ آباد کے ماسٹر پلان میں رہائشی، اقتصادی، زرعی، ٹرانسپورٹ، صنعتی اور دیگر کاروباری سرگرمیوں کے لئے مخصوص مقامات مختص کئے گئے ہیں۔ منصوبہ میں ایبٹ آباد کی 11 نیبرہڈ کونسل اور 18 ویلج کونسلز شامل ہیں۔ تقریب کے شرکا کو یقین دہانی کرائی گئی کہ عوامی رائے کا احترام کرتے ہوئے ماسٹر پلان میں ترامیم کی جائیں گی اور حتمی منصوبہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی زیر نگرانی کمیشن میں پیش کیا جائے گا۔ ایبٹ آباد کے ماسٹر پلان کا مسودہ شہری پالیسی یونٹ کی ویب سائٹ پر بھی دستیاب ہے۔