اسلام آباد۔22فروری (اے پی پی):ایسوسی ایٹڈ پریس آف پاکستان (اے پی پی) کے منیجنگ ڈائریکٹر محمد عاصم کھچی نے اسلامی جمہوریہ ایران کے خبر رساں ادارے(ارنا) کے سربراہ ڈاکٹر حسین جابری انصاری اور ان کی ٹیم کو صحافت کے شعبہ میں ان کے ادارے کی 90 سالہ خدمات کا ناقابل یقین سنگ میل عبور کرنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
ایم ڈی اے پی پی نے ایم ڈی ارنا کو اپنے تہنیتی پیغام میں کہا کہ سچائی، شعور اور ترقی کے لئے آپ کے ادارے نے غیر متزلزل عزم کے ساتھ رائے عامہ کی تشکیل اور قوم کی بنیادوں کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ 90 سالوں کے دوران اسلامی جمہوریہ ایران کی نیوز ایجنسی (ارنا) قابل اعتماد معلومات، شہریوں کو علم کے ساتھ بااختیار بنانے اور آزاد اور ذمہ دارانہ صحافت کے اصولوں کی پاسداری کرنے کا ذریعہ رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ غیر معمولی کامیابی آپ کی سخت محنت، دیانت داری اور عظیم تر بھلائی کے لئے لگن کا ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب آپ اس تاریخی لمحے کا جشن منا رہے ہیں، ہم آنے والے سالوں میں مسلسل کامیابی اور جدت طرازی کے لئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔
ایم ڈی اے پی پی نے مزید کہا کہ آپ آنے والی نسلوں کی ترغیب ، آگاہی اور رہنمائی میں کردار ادا کررہے رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی اور ارنا کے درمیان 1981 سے خبروں کے تبادلے اور باہمی مفادات اور علاقائی و بین الاقوامی ترقی کی خبروں کے تبادلے کا معاہدہ ہے۔ مینجنگ ڈائریکٹر عاصم کھچی نے کہا کہ دنیا اب ایک گلوبل ویلیجمیں تبدیل ہو چکی ہے جس میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپنے لوگوں کو براہ راست اور قابل اعتماد معلومات فراہم کرنے کے لئے علاقائی نیوز ایجنسیوں کے درمیان خبروں کا تعاون ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ایران کی سرکاری نیوز ایجنسیاں اے پی پی اور ارنا درست، تیز رفتار معلومات پھیلا رہی ہیں اور اپنے صارفین اور سامعین کو واقعات کا حقیقی تصویر فراہم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اے پی پی اور ارنا کے درمیان خبروں کے تبادلے کے معاہدے کو برادر ممالک کے عوام کے فائدے کے لئے مزید مستحکم بنایا جائے گا۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=564729