اسلام آباد۔27مئی (اے پی پی):منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس اور پاکستان میں متحدہ عرب امارات کے سفیر حماد عبید ابرہیم الزابی کے درمیان ملاقات ہوئی۔
ملاقات کے دوران ان ممکنہ مشترکہ کاوشوں کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا جن کی مدد سے ملک کے محروم اور پسماندہ طبقات کی زندگیوں میں بہتری لائی جاسکتی ہے۔
ایم۔ڈی پاکستان بیت المال ملک ظہیر عباس نے اس موقع پر ان فلاحی اقدامات کو بھی اجاگر کیا جو وزیراعظم پاکستان کے احساس پروگرا م کے تحت اٹھائے جارہے ہیں۔ پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان برادرانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہمارے ملک میں جاری فلاحی سرگرمیاں اس محبت اور خلوص کے جذبے کی عکاسی کرتی ہیں جو متحدہ عرب امارات کے رہنماپاکستان کی عوام کے لیے رکھتے ہیں۔
ملک ظہیر عباس نے رمضان المبارک کے دوران پاکستان بیت المال کی مدد سے مستحق افراد میں راشن تقسیم کرنے اور ملک کے معذور افراد کی بحالی کے لیے معاونت کرنے پر سفیر کا شکریہ ادا کیا۔ متحدہ عرب امارات کے سفیر نے پاکستان بیت المال کی غریب دوست سرگرمیوں کوسراہتے ہوئے سماجی تحفظ کے میدان میں ادارے کے ساتھ مل کر کام کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔