موثر انفورسمنٹ سے قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی لائی جائے ،ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب

ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر انفورسمنٹ کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی لائی جائے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی بڑھائی جائے

لاہور۔28جولائی (اے پی پی):ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب محمد وقاص نذیر نے تمام چیف ٹریفک افسران (سی ٹی اوز) اور ڈسٹرکٹ ٹریفک افسران (ڈی ٹی اوز) کو ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ موثر انفورسمنٹ کے ذریعے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں نمایاں کمی لائی جائے اور شہریوں میں ٹریفک قوانین سے متعلق آگاہی بھی بڑھائی جائے۔منگل کو جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیاں حادثات کا باعث بنتی ہیں لہذا شہری اپنی اور دوسروں کی جانوں کے تحفظ کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کو ہر صورت یقینی بنائیں۔ترجمان کےمطابق رواں ماہ ہیلمٹ نہ پہننے پر موٹر سائیکل سواروں کے ایک لاکھ 88 ہزار سے زائد چالان ٹکٹ جاری کیے گئے جبکہ دورانِ ڈرائیونگ سیٹ بیلٹ استعمال نہ کرنے پر 34 ہزار سے زائد شہریوں کو جرمانے کیے گئے۔ اسی طرح دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون کے استعمال پر 60 ہزار خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی گئی جبکہ ون وے کی خلاف ورزی پر 50 ہزار سے زائد چالان کیے گئے۔ترجمان نے بتایا کہ صرف لاہور میں ون وے، سیٹ بیلٹ، موبائل فون کے استعمال اور ہیلمٹ نہ پہننے کی خلاف ورزیوں پر 61 ہزار سے زائد کارروائیاں کی گئیں۔