18.8 C
Islamabad
اتوار, فروری 23, 2025
ہومقومی خبریںموجودہ حکومت ملک میں تعلیم کی بہتری پرخصوصی توجہ دے رہی ہے،...

موجودہ حکومت ملک میں تعلیم کی بہتری پرخصوصی توجہ دے رہی ہے، ملک بھر کے اساتذہ کو تربیت دے کر تعلیم کا معیار بلند کریں گے،راناتنویرحسین

- Advertisement -

اسلام آباد۔19جون (اے پی پی):وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت ملک میں معیار ی تعلیم پر خصوصی توجہ دے رہی ہے، میرٹ، شفافیت اور کوالٹی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی ،پہلے مرحلے میں ٹیچرز کی تربیت کریں گے کیونکہ جب تک تربیت یافتہ اساتذہ نہیں ہوں گے، تعلیم کامعیار قائم نہیں ہوسکتا، ملک بھر کے اساتذہ کو تربیت دے کر تعلیم کا معیار بلند کریں گے، یونیورسٹیاں آگے بڑھیں اور اساتذہ کی تربیت کے لئے ایک خصوصی تربیتی پروگرام متعارف کروا کر بچوں کا مستقبل محفوظ بنائیں گے۔ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر نے یونیورسٹی کے شیخوپورہ ریجنل کیمپس کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں تعلیم عام کرنے، اساتذہ کی تربیت اور معیاری تعلیم کی بہتر ی میں علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی اہم کردار ادا کرسکتی ہے۔انہوں نے کہا کہ جب تک صحیح سمت نہیں ہوگی ہم ترقی نہیں کرسکتے، میرٹ، شفافیت اور کوالٹی پر خصوصی توجہ دینا ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ کووڈ 19کے بعد دنیا بھر میں فاصلاتی نظام تعلیم اور آن لائن تعلیم کو بہت پذیرائی ملی ہے۔

- Advertisement -

وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ ڈاکٹر ضیاء القیوم ایک متحرک ترین وائس چانسلر ہیں وہ اِس نظام تعلیم میں مزید بہتری لاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے ای لرننگ اور مواصلاتی نظام تعلیم کا 20ٹی وی چینلز پر مشتمل ایک بہترین سیٹ اپ بنا یا ہے، حکومت پاکستان ڈاکٹر ضیاء القیوم کو پاکستان کی فاصلاتی تعلیم کو مزید بہتر بنانے کے لئے جولائی کے پہلے ہفتے میں سعودی عرب کے مواصلاتی نظام تعلیم کا جائزہ لینے کے لئے سعود ی عرب بھیج رہی ہے۔

رانا تنویر حسین نے مزید کہا کہ علاقے یا ملک کی بہتری کے لئے حصہ ڈالنے پر انہیں دلی سکون ملتا ہے، آج شیخوپورہ میں اوپن یونیورسٹی کے کیمپس کا سنگ بنیاد رکھ کر اپنے علاقے کیلئے حق ادا کردیا ہے۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی جنوبی ایشیاء میں دوسری بڑی یونیورسٹی ہے، شیخو پورہ میں کیمپس کے قیام سے علاقے کے ضرورت مند بچوں کو مفت تعلیم حاصل کرنے کی سہولت بھی ملے گی جس سے یونیورسٹی کے 12لاکھ طلبہ کی تعداد میں کئی گنا مزید اضافہ ہوگا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ شیخو پورہ کیمپس کے لئے زمین کی حصولی میں ڈپٹی کمشنر، رانا شکیل اسلم اور وزارت تعلیم کا تعاون حاصل رہا، وفاقی وزیر تعلیم کا اپنے آبائی علاقے میں اپنے دست مبارک سے سنگ بنیاد رکھناتعلیم دوستی کا مظہر ہے۔وائس چانسلر نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی تعلیمی نیٹ ورک میں توسیع اور کیمپس کی عمارتیں تعمیر کرنےکے مشن پر گامزن ہے، گوادر میں ریجنل کیمپس کا بنیاد جلد رکھ رہے ہیں، اٹک، سرگودھا اور اندرون سندھ بھی جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 42لاکھ طلبہ کو پڑھایا جبکہ اس وقت 12لاکھ طلبا و طالبات رجسٹرڈ ہیں۔وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اوپن یونیورسٹی مختلف اداروں کے تعاون سے آؤٹ آف سکول بچوں کوبھی تعلیمی نیٹ میں لارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی نشاندہی کریں ہم کوئی چارجز لئے بغیرانہیں تعلیمی نیٹ ورک میں شامل کریں گے۔ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ اوپن یونیورسٹی خواجہ سراؤں اور قیدیوں کو مفید شہری بنانے اور قومی دھارے میں شامل کرنے کے لئے انہیں مفت تعلیم فراہم کررہی ہے۔

ڈاکٹر ضیاء القیوم نے کہا کہ ڈیجٹلائزیشن کے بعدٹی وی چینل کا ہونا ضروری بن گیا ہے،وزارت تعلیم کے تعاون سے یونیورسٹی کا ٹی وی چینل جلد شروع کردیا جائے گا۔وائس چانسلر نے کہا کہ کسی علاقے کے لئے سب سے خوبصورت تحفہ تعلیم ہے، شیخو پورہ میں کیمپس اور اہلیان شیخو پورہ کو اعلی تعلیم کے مواقع فراہم ہونے کا کریڈٹ وفاقی وزیر تعلیم رانا تنویر حسین کو جاتا ہے۔

تقریب سے ڈائریکٹر جنرل ریجنل سروسز، ڈاکٹر ملک توقیر احمد خان اور ریجنل ڈائریکٹر شیخو پورہ، نسرین اختر مرزا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہاکہ کیمپس کی تعمیر سے شیخو پورہ اور ننکانہ صاحب میں ایجوکیشن کی شرح کو 100فیصد تک پہنچانے کی پوری کوشش کریں گے اور وزیر تعلیم کے معیاری تعلیم کے خواب کو شرمندہ تعبیر کریں گے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=313255

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں