اسلام آباد۔31مئی (اے پی پی):وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ صحافیوں اور میڈیا ورکرز کو ہر طرح سے تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، موجودہ حکومت میڈیا کی آزادی اور صحافیوں کے تحفظ کیلئے جتنا کام کر رہی ہے ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی، جرنلسٹ میڈیا پروفیشنل بل کو بلاتفریق سراہا گیا ہے، اپوزیشن ان چیزوں پر سیاست کرنے سے گریز کرے، پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) حکومت کیلئے کبھی خطرہ نہیں تھی، یہ اکٹھے ہوں نہ ہوں ہمیں کوئی فرق نہیں پڑتا، ان کی آپس کی لڑائیاں ہیں جو یہ لڑتے رہیں گے،
حکومت کی تمام تر توجہ ملکی معیشت کی بہتری، برآمدات میں اضافے، عوام کو ڈلیور کرنے، ڈیموں کی تعمیر، صحت کارڈز کی فراہمی، ہائوسنگ پروگرام، کامیاب جوان پروگرام اور عوام کو سستی بجلی فراہم کرنے پر مرکوز ہے، اہداف کے حصول کیلئے تمام تر ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ پیر کو نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی معیشت کی بہتری کیلئے حکومتی اقدامات کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 4 ہزار ارب روپے سے زائد ٹیکس جمع ہوا ہے، اس کے ساتھ ساتھ برآمدات اور ترسیلات زر میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے۔
فرخ حبیب نے کہا کہ معاشی اشاریے اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہو چکا ہے، اپوزیشن ملک کی ترقی کے سفر کو روکنے کیلئے دھرنے، جلسے جلوس کرنا چاہتی ہے، انہوں نے پہلے بھی جلسے جلوس کئے نتیجہ صفر نکلا، اب بھی انہیں کچھ حاصل نہیں ہو گا کیونکہ عوام انہیں مسترد کر چکے ہیں، ہماری اولین ترجیح عوام کو ڈلیور کرنے پر مرکوز ہے اور ہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم کا آپس میں ایک دوسرے کے ساتھ مقابلہ ہے، ان کی لڑائی ہے کہ کون بنے گا سینیٹ میں اپوزیشن لیڈر اور یہ لڑتے رہیں گے، حکومت کو پی ڈی ایم سے کوئی خطرہ نہیں ہے، اپوزیشن جماعتوں کے مسائل ایک طرح کے ہیں، کسی کے جعلی اکاﺅنٹس اور کسی پر ٹی ٹیز کے کیسز ہیں،
ان کی آپس میں پی ڈی ایم کو لیڈ کرنے کے حوالے سے لڑائی ہے، آصف علی زرداری نے نواز شریف سے واپسی کا مطالبہ کیا تو مریم نواز نے پی ڈی ایم ہی توڑ دی کہ وہ واپس نہیں آئیں گے۔ وزیر مملکت نے کہا کہ ن لیگ میں ش اور ن کی لڑائی چل رہی ہے اسلئے اپوزیشن کو پہلے اپنے اندرونی معاملات پر توجہ دینی چاہیے، نواز شریف کو اگر حقیقی معنوں میں عوام کا درد ہے تو انہیں چاہیے کہ وطن واپس آ کر عدالتوں میں اپنے مقدمات کا سامنا کریں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اقتدار میں آنے سے پہلے اپنی چالیس سالہ کمائی کی تمام تفصیلات عدالت میں پیش کر کے اعلی اخلاق کی مثال قائم کی تھی، ن لیگ کے قائدین نے جو لوٹ کھسوٹ کی ہے انہیں اس کا حساب دینا ہو گا،
وزیراعظم عمران خان بدعنوان عناصر کے خلاف اپنے اصولی موقف سے کسی قیمت پر پیچھے نہیں ہٹیں گے۔ فرخ حبیب نے کہا کہ حکومت نے صحافی اسد طور پر حملے کی شدید مذمت کی تھی اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملزمان کی گرفتاری کیلئے کام کر رہے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس لانے کا دور دور تک کوئی امکان نہیں ہے، سٹیک ہولڈرز سے ان پٹ لے رہے ہیں اور ان کی مشاورت کے بعد ہی کوئی فیصلہ کریں گے۔