موجودہ حکومت نے مالی مشکلات اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ، ذرائع پٹرولیم ڈویژن

103
OCAC
OCAC

اسلام آباد۔5مارچ (اے پی پی):موجودہ حکومت نے مالی مشکلات اور بین الاقوامی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود عوام کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا ہے اور اس وقت بھی پاکستان میں خطے کے دیگر ممالک کے مقابلے میں تیل کی قیمتیں کم ہیں۔

پٹرولیم ڈویژن کے ذرائع کے مطابق موجودہ حکومت کی یہ کوشش رہی ہے کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ کے باوجود عوام پر بوجھ نہ ڈالا جائے ، اس وقت پاکستان میں سری لنکا، نیپال، بنگلہ دیش اور بھارت سمیت خطے کے دیگر ممالک کی نسبت پٹرولیم مصنوعات سستی دستیاب ہیں ۔ ان ممالک میں پٹرولیم کی فی لیٹر قیمت 0.83 ڈالر سے 1.26 ڈالر فی لیٹرتک ہے جبکہ پاکستان میں پٹرول 0.70 ڈالر فی لیٹر میں دستیاب ہے۔

سری لنکا میں پٹرول کی قیمت 0.83 ڈالر ،نیپال میں 0.95 ڈالر، بنگلہ دیش میں1.05 ڈالر ، بھارت میں 1.26 ڈالر، چین میں 1.03 ڈالر ، برطانیہ 1.70 ڈالر اور جرمنی 1.64 ڈالر فی لیٹر ہے۔ بھارت میں پٹرول کی قیمت پر روزانہ کی بنیاد پر نظر ثانی کی جاتی ہے جبکہ اس کے برعکس پاکستان کی قیمت میں ہر 15 روز بعد تعین کیا جاتا ہے اور حکومت عالمی سطح پر تیل کی قیمت میں اضافے کی صورت میں بھی ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بڑھانے کی بجائے مالی بوجھ خود برداشت کرنے کی پالیسی اختیار کیے ہوئے ہے اور انتہائی ناگزیر صورتحال میں بھی عوام کو کم سے کم اضافہ منتقل کیا جاتا ہے۔

اس حوالے سے دنیا کے 167 ممالک کی فہرست میں سستی پٹرولیم مصنوعات فراہم کرنے والے ممالک میں پاکستان کا نمبر 18 واں ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے رواں پندرھواڑے کے دوران بھی کو عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کے لئے اوگرا نے کی طرف سے بھجوائی جانے والی سمری کو مسترد کیا۔ اوگرا نے اس سلسلہ میں پٹرول کی قیمت میں 6 روپے 22 پیسے ، ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 82 پیسے ، مٹی کے تیل کی قیمت میں 6 روپے 37 پیسے اور لائٹ ڈیزل کی قیمت میں 5 روپے 78 پیسے فی لیٹر اضافہ کی سمری بھجوائی تھی جسے وزیرا عظم نےمنظور نہیں کیا اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں برقرار رکھی گئی ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سابق حکومتوں کے ادوار میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تناسب سے قیمت کو کم سے کم رکھنے کی حکمت عملی اختیار کی ہے تاکہ عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیا جا سکے۔