موجودہ حکومت کھیلوں کی ہر سطح پر ترقی اورحوصلہ افزائی کیلئے سنجیدہ ہے ،وفاقی وزیر ڈاکٹر فہیمدا مرزا

APP17-13 ISLAMABAD: May 13 – Federal Minister for Inter Provincial Coordination, Dr. Fehmida Mirza in a meeting with the representatives of different sports federations. APP

اسلام آباد ۔ 13 مئی (اے پی پی)وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی ہر سطح پر ترقی اورحوصلہ افزائی کیلئے سنجیدہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں گذشتہ روز سپورٹس فیڈریشنز کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ملاقات کے بعد میڈیا کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت ملک میں کھیلوں کی ترقی کیلئے ہر مکمن اقدامات کرنا چاہتی ہے لیکن موجودہ مالی حالات کے پیش نظر مشکلات کا سامنا ہے۔ سپورٹس فیڈریشن نمائندگان ملاقات میں ویٹ لفٹنگ، ہینڈبال، ریسلنگ، باکسنگ، سنوکر، جوڈو فیڈریشن کے عہدیداروں کے علاوہ وفاقی سیکرٹری بین الصوبائی رابطہ اکبر حسین درانی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے ڈپٹی ڈائریکٹر جنرل ٹریننگ اینڈ ٹیکنیکل محمد اعظم ڈار نے شرکت کی۔ فیڈریشنز کے نمائندوں نے اپنی اپنی فیڈریشنز کی گزشتہ سالوں کی کارکردگی پر بھی وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمید مرزا کو بریفنگ دی۔ ڈاکٹر فہیمدا مرزا نے کہا کہ گذشتہ برسوں میں مختلف حالات کی وجہ سے کھیلوں کا شعبہ بہت متاثر ہوا اور فنڈز کا استعمال بھی درست نہیں کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ کھیل جو ہمارے ملک کا فخر تھے، نظر انداز ہوتے رہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کھیلوں کی ہر سطح پر ترقی اور حوصلہ افزائی کیلئے سنجیدہ ہے، اٹھارویں ترمیم کے بعد کھیلوں کا شعبہ صوبائی حکومت کی ذمہ داری میں ہے اور ہم چاہتے ہیں کہ صوبائی حکومت کی سطح پر بھی فیڈریشنز کو سپورٹ ملے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ سالوں میں پاکستان سپورٹس بورڈ کو بری طرح نظر انداز کیا گیا ہے، پاکستان سپورٹس بورڈ کے آئین پر کام ہو رہا ہے، اس کا کردار زیادہ ٹریننگ اور تربیتی ادارے کے طور پر وضع کیا جائے گا۔ ڈاکٹر فہمید مرزا نے کہا کہ تمام فیڈریشنز کو اپنے معاملات آئین اور بین الاقوامی گائیڈ لائن کے مطابق شفاف طریقے سے چلانے ہوں گے۔ وفاقی وزیر نے فیڈریشنز کے نمائندگان کو ہدایت کی کے وہ آنے والے بین الاقوامی ایونٹ کے حوالے سے اپنی اخراجات اور دیگر ضروریات کے حوالے سے مناسب تجاویز اور تفصیلات وزارت بین الصوبائی رابطہ کو ارسال کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سب کھیلوں کو ہر سطح پر سپورٹ کرنا چاہتے ہیں۔ لیکن موجودہ مالی حالات کے پیش نظر مشکلات کا سامنا ہے۔