موجودہ حکومت کے دور میں نادرا نے اپنے ڈیٹابیس میں ایک کروڑ 16 لاکھ افراد رجسٹرڈ کئے ہیں

108

اسلام آباد ۔ 2 اپریل (اے پی پی) موجودہ حکومت کے دور میں نیشنل ڈیٹا بیس و رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) نے اپنے ڈیٹابیس میں ایک کروڑ 16 لاکھ افراد رجسٹرڈ کئے ہیں جن میں سے 22 لاکھ 60 ہزار کو ان کی شناختی دستاویزات مفت فراہم کی گئیں جو کہ گذشتہ سال اسی دورانیہ کے مقابلہ میں کئی گنا زیادہ ہے۔ نادرا کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات کے مطابق سمارٹ آئی ڈی کارڈ حاصل کرنے والوں کی تعداد 50 لاکھ تک رہی۔ دیہی اور شہری علاقوں میں بھجوائی گئی موبائل رجسٹریشن وینز نے 10 لاکھ افراد کو رجسٹرڈ کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نادرا نے اپنی ڈیلیوری سروس کو بھی بہتر بنایا ہے جبکہ آپریشنل استعداد کو بھی بڑھایا ہے۔ 3 لاکھ 17 ہزار 307 درخواست گزاروں نے اپنے گھر بیٹھے آن لائن شناختی کارڈ کی درخواستیں پراسس کیں۔ پرائم منسٹر پرفارمنس ڈیلیوری یونٹ کو اس وقت تک 6 ہزار 411 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 6 ہزار 332 حل کر لی گئیں۔ ادارہ کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کی وجہ سے 5 ہزار یومیہ ٹوکن سے یہ تعداد 17 ہزار تک پہنچ گئی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ نادرا نے عالمی سطح پر کئی ممالک کی حکومتوں کے ساتھ آئی ٹی سلوشن کے معاہدے کئے ہیں۔ فجی کی حکومت کو الیکشن مینجمنٹ سسٹم میں نادرا نے معاونت فراہم کی۔ اس کے علاوہ کینیا کو ای پاسپورٹ، سوڈان کو سول رجسٹریشن سسٹم، صومالیہ کو قومی شناختی کارڈ کے نظام میں مدد فراہم کی، اس سے نادرا کو 35 لاکھ ڈالر سے زائد کی آمدن ہوئی۔ اس کے ساتھ ساتھ قومی سطح پر وفاق، پنجاب اور سندھ اسلحہ لائسنس کمپیوٹرائزڈ کرنے، فاٹا سے لاکھوں نقل مکانی کرنے والے افراد کے ساتھ ساتھ 5 لاکھ ہاﺅسنگ فارم کو ڈیجیٹلائزڈ کیا گیا۔ اس کے ساتھ ساتھ نادرا نے پاکستان آن لائن ویزا سسٹم بھی بنایا ہے جس میں سادہ نظام سے ویزا حاصل کیا جا سکتا ہے۔