اسلام آباد۔12مارچ (اے پی پی):پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین و وزیر اعظم کے خصوصی نمائندہ برائے بین المذاہب ہم آہنگی اور مشرق وسطیٰ حافظ طاہر محمود اشرفی نے تجویز دی ہے کہ موجودہ سیاسی بحران کو ٹکرائو کی بجا ئے دانشمندی اور صبر و تحمل سے حل کیا جانا چاہیے۔
ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں وقت کا تقاضا ہے کہ سیاسی اور مذہبی قیادتیں نیا پنڈورا باکس کھولنے کے بجائے عملی نقطہ نظر سے اپنے اختلافات دور کریں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک خوشگوار لمحہ ہے کیونکہ ہم 23 مارچ کو 75 واں یوم پاکستان قومی جوش و جذبے کے ساتھ منانے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ 22 مارچ کو پاکستان اسلام آباد میں اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کی کانفرنس کا انعقاد کر رہا ہے جس میں تقریباً 30 اسلامی ممالک کے وزرائے خارجہ کی شرکت متوقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ وہ تمام غیر ملکی شخصیات بھی 23 مارچ کو یوم پاکستان کے حوالے سے ہونے والی قومی تقریب میں شرکت کریں گی۔ طاہراشرفی نے بھارت کے اس غیر ذمہ دارانہ رویے پر بھی اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا جس نے پاکستان کی حدود میں میزائل فائر کیا اور بعد ازاں کہا کہ یہ غلطی سے ہو گیا۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک بڑے سانحے کا سبب بن سکتا تھا کیونکہ اس وقت فضا میں تین ہوائی جہاز موجود تھے لیکن اللہ کا شکر ہے کہ اس سے نہ تو انہیں کوئی نقصان پہنچا اور نہ ہی زمین پر موجود لوگوں کی جان و مال کو خطرہ لاحق ہوا۔انہوں نے کہا کہ عالمی طاقتوں کو اس واقعہ کا سنجیدگی سے نوٹس لینا چاہیے ۔