نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جامع جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں
موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں، این سی ایم سی

مزید خبریں
اسلام آباد۔16جولائی (اے پی پی):نیشنل کوآرڈینیشن اینڈ مینجمنٹ کونسل (این سی ایم سی) نے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی دستیابی کا جامع جائزہ لیتے ہوئے کہا ہے کہ موجودہ طلب پوری کرنے کے لیے ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر موجود ہیں۔ ترجمان پٹرولیم ڈویژن کے مطابق این سی ایم سی کا اجلاس جمعرات کو منعقد ہوا جس میں وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک و ممبران، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)، فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے ممبر کسٹمز، اوگرا اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔اجلاس میں او سی اے سی کے نمائندوں کی جانب سے سپلائی سے متعلق چیلنجز پر غور کیا گیا اور ان کے حل کے لیے اقدامات کا جائزہ لیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ او سی اے سی کے تحفظات بنیادی طور پر جولائی کے پہلے 15 دنوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں غیر معمولی اضافے سے پیدا ہوئے ہیں۔ اوگرا کی جانب سے پیش کیے گئے تجزیے میں بھی ممکنہ قیمتوں میں اضافے کے پیش نظر ذخیرہ اندوزی کے خدشات کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔این سی ایم سی نے زور دیا کہ اوگرا اپنے نفاذی نظام کو مزید موثر بنائے جبکہ صوبائی حکومتیں اس بات کو یقینی بنائیں کہ ذخیرہ اندوزی نہ ہو اور پٹرولیم مصنوعات عوام کو بلا تعطل اور بغیر کسی دشواری کے دستیاب رہیں۔کمیٹی نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ملک میں پٹرولیم مصنوعات کے وافر ذخائر ہیں اور تمام متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ ملک بھر میں پٹرولیم مصنوعات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائی جائے۔








