اسلام آباد۔17جون (اے پی پی):ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری میں جاری مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 8 فیصد کی کمی ہوئی ہے۔سٹیٹ بینک کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 1.979 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے 2.142 ارب ڈالر کے مقابلہ میں 8 فیصد کم ہے،مئی میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 194 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو اپر یل کے مقابلہ میں 38 فیصد زیادہ اور گزشتہ سال مئی کے مقابلہ میں 37 فیصد کم ہے،
اپر یل میں ملک میں براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کا حجم 141 ملین ڈالر اور گزشتہ سال مئی میں 306 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔ اعدادوشمار کے مطابق مالی سال کے پہلے 11 ماہ میں چین نے پاکستان میں 790 ملین ڈالر ،برطانیہ 229 ملین ڈالر ،سویٹزرلینڈ 179 ملین ڈالر ،یواے ای 105 ملین ڈالر ،امریکا 103 ملین ڈالر ،ہالینڈ 54 ملین ڈالر ،مالٹا 42 ملین ڈالر ،کویت 41 ملین ڈالر اور دیگر ممالک نے 83 ملین ڈالر کی براہ راست غیرملکی سرمایہ کاری کی۔