سرینگر۔25اگست (اے پی پی):مودی کی بھارتی حکومت غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے عوام کو تحریک آزادی سے وابستگی پراپنے گھروں اور دیگر املاک سے محروم کرکے انتقامی کارروائی کا نشانہ بنارہی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مودی حکومت نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے نادیہال میں آزادی پسند کارکن محبوب الانعام شاہ کی زمین ضبط کر لی ہے ۔ یہ زمین غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج ایک جھوٹے مقدمے میں ضبط کی گئی ہے ۔
بھارتی حکام نے پہلے ہی سرینگر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے ہیڈ کوآرٹراور جماعت اسلامی سمیت حریت رہنمائوں اور تنظیموں کے زیر ملکیت سینکڑوں مکانوں اور جائیدادوںکو ضبط کررکھا ہے ۔ قابض انتظامیہ نے مقبوضہ علاقے میں بہت سے مکانات ، دکانوں ، شاپنگ کمپلیکس اور دیگر املاک کو بھی منہدم کردیا ہے۔ اس ظالمانہ کارروائی کا مقصدحریت رہنمائوں اور تنظیموں کو جدوجہد آزادی میں ان کے کردار پر سزا دینا ہے۔ جموں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے جموں پٹھانکوٹ ہائی وے پر سارور ٹول پلازہ میں ٹول ٹیکس کی وصولی اورپورے مقبوضہ علاقے میں بجلی کے سمارٹ میٹر کی تنصیب کے نام پر لوگوں کو لوٹنے کی مودی حکومت کی پالیسیوں کے خلاف احتجاج ریکارڈ کرانے کیلئے کل جموں میں ہڑتال کی کال دی ہے ۔
ہڑتال کی کال چیمبر کے صدر ارون گپتا نے دیگر ارکان کے ہمراہ جموں میں ایک پریس کانفرنس میں دی ۔سارور ٹول پلازہ کے خاتمے کیلئے پیر سے جموں کے مختلف علاقوں میں احتجاج جاری ہے۔ لوگ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف بھی گزشتہ کئی ہفتوں سے مقبوضہ علاقے میں احتجاج جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ ادھر جدہ میں اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے نمائندوں کے ایک اجلاس میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے ڈھائے جانیوالے مظالم کی شدید مذمت کی گئی ہے۔
او آئی سی میں پاکستان کے مستقل نمائندے کے سفیر سید فواد شیرکے زیر اہتمام تقریب کے شرکا نے بھارت پر 5اگست 2019اور اس کے بعد کیے جانے والے تمام غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو منسوخ کرنے پرزوردیا۔ انسانی حقوق کی متعدد بین الاقوامی تنظیموں نے ایک کھلے خط میں گروپ 20کے رکن ممالک کے نمائندوں اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کے علمبرداروں اورصحافیوں کی غیر قانونی نظربندیوں سمیت بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں بند کرانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔
ایمنسٹی انٹرنیشنل ، جبری گمشدگیوں کے بارے میں ایشین فیڈریشن ، فورم ایشیا ، CIVCUS، فرنٹ لائن ڈیفینڈرزاور کشمیر لاء اینڈ جسٹس پروجیکٹ کی طرف سے ایک مشترکہ خط ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ویب سائیٹ پر جاری کیاگیا ہے ۔یہ خط آئندہ ماہ نئی دلی میں منعقدہونے والے G-20سربراہ اجلاس سے قبل جاری کیاگیا ہے ۔