ملتان ۔ 20 اکتوبر(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ این اے 156ملتان میں مختلف وفود سے بات چیت اور مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی سرکار سے …
مودی سے مذاکرات کی امید نہیں،بھارت خطے کے امن کو پارہ پارہ کرناچاہ رہاہے، شاہ محمودقریشی
ملتان ۔ 20 اکتوبر(اے پی پی)وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے بھارت کی جانب سے ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کی شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے بوکھلاہٹ کا شکار بھارت خطے کا امن تباہ کرنا چاہتا ہے۔ این اے 156ملتان میں مختلف وفود سے بات چیت اور مختلف یونین کونسلوں کے دورہ کے دوران خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ مودی سرکار سے مذاکرات کی امید نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر اعظم کس قانون کے تحت پاکستان کا پانی روکیں گے۔ انہوں نے کہا بھارت خطے کے امن کو پارہ پارہ کرنا چاہا رہا ہے جبکہ ہم نے ہمیشہ معاملات کو سلجھانے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر واضح کیاکہ خطے میں امن کی خواہش کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے ہم اپنے دفاع کا حق رکھتے ہیں، ملکی سالمیت کیلئے پوری قوم’ حکومت اور فوج ایک ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این اے156 ملتا ن کا واحد حلقہ ہے جس میں کروڑوں روپے کے ترقیاتی کاموں کی منظوری ہو گئی ہے جن پر جلد کام کا آغاز کردیا جائیگا۔گلشن مارکیٹ میں فلائی اوور کی تعمیر یہاں کے عوام کا دیرینہ مطالبہ تھا اور گزشتہ 5سال سے لوگ فلائی اوور کی تعمیر کا مطالبہ کررہے تھے اور اس سلسلے میں کئی بار وہاں کی عوام نے احتجاج اور ہڑتالیں بھی کیں۔ عوام کے دیرینہ مطالبہ کو مد نظر رکھتے ہوئے گلشن مارکیٹ میں60کروڑ روپے کی لاگت سے فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا۔ میری درخواست پر وزیراعلیٰ پنجاب نے اس منصوبے کی منظوری دیدی ہے جس پر جلد کام شروع کردیا جائیگا جبکہ سورج کنڈ روڈ ‘ سوئی گیس رو ڈ اور این اے156 کی مختلف یونین کونسلوں میںسیوریج ‘ سڑکوںکی تعمیر ‘ صحت کی سہولتوں اور عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی ودیگر ترقیاتی منصوبوں کو مکمل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا میرا ماضی گواہ ہے جب بھی مجھے اقتدار ملا تمام وسائل اور توانیاں حلقے اور عوام کی فلاح پرخرچ کئے۔ انہوں نے کہا میں نے انتظامیہ کو واضح ہدایات جاری کی ہیں کہ ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں شفافیت اور کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائیگا۔ قبل ازیں وزیر خارجہ نے ملتان میں مصروف دن گزارا۔ یوسی 15کے سابق چیئرمین ٹکٹ ہولڈر فیاض بلوچ کے بھائی کی رسم چہلم میں شریک ہوئے۔ یونین کونسل50 میں کرنٹ لگنے سے فوت ہونے والے دو سگے بھائیوں کی رہائش گاہ پر گئے اور مرحومین کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ پڑھی۔ عبدالحق ڈوگر کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی۔ شیخ الماس ‘ ملک سیف بھٹہ اور ملک صغیر ارائیں کو حج کی سعادت حاصل کرنے پر مبارک باد دی۔ صوبائی وزیر ڈاکٹر اختر ملک کے بھتیجے کی اہلیہ کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ صوبائی معاون خصوصی حاجی جاوید اختر انصاری’ رانا عبدالجبار ‘ مخدوم شعیب اکمل ہاشمی ‘ بابر شاہ ‘ منور قریشی ‘ میاں جمیل ودیگر شخصیات ان کے ہمراہ تھے۔









