اسلام آباد ۔ 13 ستمبر (اے پی پی) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈا پور نے کشمیری عوام سے یکجہتی کے لئے مظفر آباد کے تاریخی جلسہ میں شرکت پر پوری قوم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی کا بھیانک چہرہ بے نقاب کرنے اور کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کا جو عزم کیا ہے اس پر قائم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کی جو سفارتکاری کی اس کی تاریخ میں مثال نہیں ملتی۔ انہوں نے کہا کہ آج مقبوضہ کشمیر میں 40 دن سے مسلسل کرفیو ہے اور ضروریات زندگی کی قلت پیدا ہو چکی ہے اور بلیک آئوٹ کے ذریعے مسلسل رابطے منقطع کر رکھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو ہم یقین دلاتے ہیں کہ خون کے آخری قطرے تک ہم آپ کے ساتھ ہیں اور پاک فوج کی جرات کو بھی سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے آخری دم تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑے رہنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کا بچہ بچہ کشمیری عوام کی آزادی تک ان کے شانہ بشانہ ہے اور رہے گا۔