ماحولیاتی تبدیلیوں کے باعث سیلاب سے بے گھر خواتین اور بچے شدید مشکلات سے دوچار ہیں، پاکستان کے سفیر مسعود خان کا واشنگٹن میں فنڈ ریزنگ تقریب سے خطاب

واشنگٹن۔5اکتوبر (اے پی پی):امریکا میں پاکستان کے سفیر مسعود خان نے فنڈ ریزنگ تقریب کے دوران پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہ کاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ سیلاب کے باعث لاکھوں افراد بے گھر ہو گئے جن میں سے خواتین اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے جو اس وقت عارضی پناہ گاہوں میں مقیم ہیں۔ یہ فنڈ ریزنگ تقریب کینیڈا کی چیریٹی تنظیم ریفیوجی گرلز ورلڈ وائڈ(آر جی ڈبلیو)کے زیراہتمام منعقد کی گئی جو ترکی، فلسطین، یوکرین، پاکستان اور کینیڈا میں پناہ گزین خواتین کی بہتری کے لیے کام کر رہی ہے۔

پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز کے مطابق انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں کے سبب پاکستان میں سیلاب کے باعث متاثرہ افراد عارضی پناہ گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں جنہیں اس وقت شدید مشکلات ان کہی مصائب کا سامنا ہے اور انہیں اس مشکل وقت میں بین الاقوامی برادری کی فوری توجہ اور طویل مدتی عزم کی ضرورت ہے۔تقریب میں اہم پاکستانی شخصیات، مخیر حضرات اور امریکی محکمہ خارجہ اور پاکستانی سفارتخانے کے عہدیداروں نے شرکت کی۔

انہوں نے خاص طور پر آفات کےدوران لڑکیوں کی بہتری کے لیے آر جی ڈبلیو کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ پسماندہ طبقات کے لیے ہماری ہمدردی اور مدد ہمارے مہذب ہونے اور انسانی ہمدردی رکھنے کی عکاس ہے۔ پاکستانی سفیر نے کہا کہ سیلاب کے باعث 3کروڑ 30لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں جن میں سے 70فیصد سے زائد خواتین اور بچے شامل ہیں جبکہ 6لاکھ حاملہ خواتین میں سے 2ہزار خواتین روزانہ غیر محفوظ اور غیر صحت مند حالات میں بچوں کو جنم دے رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ معدے کے انفیکشن ، ڈینگی بخار، ملیریا اور پانی سے پیدا ہونے والی دیگر بیماریوں کے باعث تباہی کے اندر ایک اور تباہی پیدا ہوگئی ہے۔انہوں نے سیلاب کے باعث ریسکیو اینڈ ریلیف آپریشنز کے دوران امداد کی فراہمی پر امریکی حکومت، سول سوسائٹی، مخیر حضرات اور خاص طور پر پاکستان امریکن کمیونٹی کا شکریہ ادا کیا اور بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ تعمیر نو اور بحالی میں مدد کے لیے طویل مدتی عزم کا اعادہ کرے۔

اس موقع پر امریکی محکمہ خارجہ سے کرسٹوفر جیسٹر نے سیلاب متاثرین کے لیے امریکی امداد کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیرنو ممکن بنانےکے لیے جدید طریقوں کی ضرورت ہے۔ پاکستانی سفیر مسعود خان نے پاکستان کے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث متاثرہ افراد کے لیے آر جی ڈبلیو کے آفس ہولڈرز کی بھرپورکوششوں کو سراہا۔