موسمی پھلوں اور سبزیوں کا استعمال موسم سرما میں شہریوں کو صحت مند رکھنے میں معاون ثابت ہوتا ہے،ماہرین صحت

151
Fruits and vegetables
Fruits and vegetables

اسلام آباد۔19جنوری (اے پی پی):ماہرین صحت نے کہا ہے کہ سردیوں کی شدت میں اضافہ کے ساتھ کم مدافعتی نظام کی وجہ سے فلو، کھانسی اور سینے کے انفیکشن میں اضافہ ہو رہا ہے،جو ہر عمر کے شہریوں بالخصوص بچوں کو متاثر کر رہا ہے ۔ انہوں نے قوت مدافعت بڑھانے کے لیے سبزیاں اور موسمی پھل کھانے کا مشورہ دیا ہے۔

ڈاکٹر غالب آغا نے اتوار کو ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے قوت مدافعت بڑھانے کے لیے صحت مند غذا اور طرز زندگی کو برقرار رکھنے کی اہمیت پر زور دیا۔ ڈاکٹر غالب آغا نے شہریوں کو مشورہ دیا کہ وہ سبزیوں اور موسمی پھلوں سے بھرپور متوازن غذا کھائیں جو کہ ضروری غذائی اجزاء اور اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرے ہوتے ہیں اور مدافعتی نظام کو مضبوط بنانے میں مدد دیتے ہیں۔

انہوں نے شہریوں پر زور دیا کہ وہ اپنی قوت مدافعت کو بڑھانے کے لیے فعال اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے موسمی پھلوں اور سبزیوں کا استعمال جو ضروری غذائی اجزاء، وٹامنز اور معدنیات سے بھرپور ہوں ۔ جن میں لیموں ،شکرقندی، گاجر اور ہرے پتوں والی سبزیاں شامل ہیں جو قوت مدافعت کو بڑھانے میں مدد دے سکتی ہیں اور انسان کے مدافعتی نظام اور بیماری کے خطرے کو کم کرنے میں بھی معاون ثابت ہوتی ہیں۔

انہوں نے شہریوں کو صحت کے بڑھتے ہوئے خدشات سے نمٹنے کے لیے قدرتی علاج اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے فلو، کھانسی اور سینے کے انفیکشن کی علامات کو دور کرنے کے لیے روایتی پاکستانی جڑی بوٹیوں والی چائے یا قہوہ پینے کی سفارش کی۔

ڈاکٹر غالب آغا نے وضاحت کی کہ جڑی بوٹیوں اور مصالوں کے امتزاج سے تیار کیا جانے والا قہوہ قدرتی سوزش کو دور کرنے والی خصوصیات رکھتا ہے جو گلے اور سینے کو سکون پہنچاتا ہے اور کھانسی سے نجات دلاتا ہے۔