راولپنڈی۔ 20 مارچ (اے پی پی):کمشنر راولپنڈی ڈویژن انجینئر عامر خٹک نے ورلڈ فاریسٹ ڈے کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کے جائزہ کے لئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہا کہ موسم بہار کے آغاز پر 21 مارچ کو پورے پنجاب میں ”ورلڈ فاریسٹ ڈے”کی سب سے بڑی شجر کاری مہم شروع کی جا رہی ہے تاکہ سر سبز پنجاب کا خواب پورا ہو سکے۔ یہ درخت آنے والے دنوں میں سموگ، فضائی آلودگی،پھیپھڑوں کے کینسر سمیت دیگر موذی بیماریوں اور سیلاب کے خطرات کم کرنے میں مدد گار ثابت ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ شجرکاری کسی ایک محکمے کی ذمہ داری نہیں، اس لئے محکمہ جنگلات تمام دیگر محکموں کو آن بورڈ لیتے ہوئے ان کے ٹارگٹس دے۔ اسکے علاوہ مہم کے دوران صرف درخت لگانا ہی کافی نہیں بلکہ ان لگائے گئے درختوں کو بچانا اور ان کی حفاظت کرنا بھی اتنا ہی اہم ہے۔انہوں نے محکمہ جنگلات کو ہدایت کی کہ وہ مہم میں درختوں کے سروائیول ریٹ کا ریکارڈ مرتب کریں۔اس موقع پر چیف کنزرویٹر فاریسٹ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ راولپنڈی ڈویژن اس مہم کے لئے 7,41475 پودے لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
اس میں ضلع راولپنڈی میں 95,500 پودے، ضلع اٹک میں 7235 پودے، ضلع جہلم میں 1,27,100 پودے، ضلع چکوال میں 1000 اور ضلع مری میں 5,10,640 پودے لگائے جائیں گے۔ اس سلسلے میں کل ڈویژن بھر میں مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں اسکول کے بچوں، سرکاری محکموں کے سربراہان، سیاسی قائدین اور دیگر متعلقہ افراد شرکت کریں گے۔انہوں نے شہریوں، سرکاری محکموں، میڈیا، تاجروں اور سیاسی رہنماؤں سے اپیل کی کہ وہ شجرکاری مہم میں بھرپور جوش و خروش کے ساتھ حصہ لیں تاکہ مری کو سرسبز اور خوبصورت بنایا جا سکے۔
کمشنر آفس راولپنڈی میں منعقدہ اس اجلاس میں ڈپٹی کمشنر اٹک راؤ عاطف، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل حسان طارق، ڈی جی پی ایچ اے احمد حسن رانجھا، چیف کنزرویٹر فاریسٹ افتخار فاروقی و دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=574802