موسم بہار کی شجر کاری مہم میں "صاف اور گرین پاکستان” منصوبے کا حصہ بنیں،، ملک امین اسلم کی پی ٹی وی سے گفتگو

86

اسلام آباد۔17فروری (اے پی پی):وزیر اعظم کے مشیر برائے موسمیاتی تبدیلی ملک امین اسلم نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ملک بھر میں جاری موسم بہار کی شجر کاری مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں اور حکومت کے "صاف اور گرین پاکستان” منصوبے کا حصہ بن کر اس اقدام کو تقویت دیں۔

جمعرات کو پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کے وژن کے تحت پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے موسمیاتی اثرات سے نمٹنے کے لئے 10 بلین سونامی ٹری اور کلین اینڈ گرین پاکستان سمیت متعدد منصوبے متعارف کروائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ درخت لگانے کی جاری مہم کا آغاز وزیر اعظم کے دس ارب درخت منصوبے کے تحت ہوا کیونکہ یہ موسم شجرکاری کیلئے موزوں ترین ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ "اس منصوبے سے موسمیاتی تبدیلیوں کے خلاف بہترین قدرتی دفاع پیدا ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گرین پاکستان پروگرام پی ٹی آئی کی زیرقیادت حکومت کا عہد ہے جس کے تحت مشترکہ خوشحالی کے وژن پر مبنی ملککو مستقبل میں سرسبز بنانا ہے۔ قدرتی جنگلات کے تحفظ کے لئے موجودہ حکومت کے اقدامات کو سراہتے ہوئے ملک امین اسلم نے کہا کہ جنگلات کا تحفظ بہتر آب و ہوا اور پائیدار معیشت کے لئے بہت ضروری ہے، درخت لگانا کر ملک کے مستقبل کو محفوظ رکھنا ہماری ذمہ داری ہے،کیونکہ پاکستان ان 10 ممالک میں شامل ہے جنہیں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کا سامنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی سربراہی میں حکومت شہروں کو سبز رنگ دینے کے لئے پوری طرح سے کوشاں ہے لیکن اس وقت تک یہ ممکن نہیں ہوسکتا جب تک کہ دیہی علاقوں کے باشندے اس مہم میں اپنا حصہ نہ ڈالیں۔ ملک امین اسلم نے کہا کہ 10 ارب درخت لگانے کی مہم کلین اینڈ گرین پروگرام کا ایک حصہ ہے جو آب و ہوا کی تبدیلی سے نمٹنے اور لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کے لئے ایک قومی ایجنڈا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت شہری علاقوں میں جنگلات لگانے پر زیادہ فوکس کر رہی ہے کیونکہ ملک کو مستقبل میں گرم خطہ بننے سے بچانے کیلئے ایک انتہائی سستا طریقہ ہے کیونکہ ہمارے شہروں کا موسم مختلف وجوہات کی بنا دیہی علاقوں سے کہیں زیادہ گرم ہوچکا ہے۔

شجرکاری مہم کو ماحولیات کے تحفظ اور موسمیاتی تبدیلیوں پر پائے جانے والے منفی اثرات کا مقابلہ کرنے بارے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ درختوں کی وسیع پیمانے پر کٹنگ انتہائی تشویشناک عمل ہے اس پر فوری قابو پانا ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں کہا کہ درخت لگانے کا مقصد ملک کو آئندہ نسلوں کے محفوظ بنانا ہے، لوگوں کو فطرت سے مربوط کرنے اور پائیدار مستقبل کی تعمیر کے لئے مشترکہ ذمہ داری بارے میں انہیں آگاہ کرنے کی اشد ضرورت ہے،حکومت مستقبل میں بھی ایسے منصوبوں کی بھرپور حمایت کریگی۔