مولانا فضل الرحمن کو تلاشی دینا ہوگی،انہوں نے اپنے اثاثہ جات کے گوشواروں میں غلط بیانی کی ہے،وفاقی وزیر علی امین گنڈا پور کی فیصل واوڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس

121

اسلام آباد۔21دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر امور کشمیر وگلگت بلتستان علی امین گنڈا پورنے کہاہے کہ مولانا فضل الرحمن کو تلاشی دینا ہوگی،انہوں نے اپنے اثاثہ جات کے گوشواروں میں غلط بیانی کی ہے،انہوں نے کشمیر کاز کو نقصان پہنچانے کے لئے آزادی مارچ کیا۔ پیر کو پی آئی ڈی میں فیصل واوڈا کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مولانا کے ایک بنگلے کی قیمت تیس کروڑ روپے ہے علی امین گنڈا پور نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے تین سے سوال پوچھے جواب نہیں ملا وہ بتائیں اجیت دوول سے کیا تعلقات ہیں،وہ کئی بار کشمیر کمیٹی کے چیئرمین رہے اس دوران انہوں نے کشمیر کیلئے کیا کیا؟ اس کاجواب دیں،اس کا بھی جواب دیں کہ انہوں نے ملک میں شیعہ سنی فسادات کیلئے فنڈنگ لی یا نہیں؟علی امین نے کہا کہ مولانا نے الیکشن کمیشن کو جمع کروائے اپنےگوشواروں میں 6 بنگلوں کی مالیت پچیس لاکھ ظاہر کی اورمزید دو بنگلوں کی قیمت پندرہ لاکھ روپے ظاہر کی گئی۔وزیر امور کشمیر نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن کےفرنیچر کی مالیت ساٹھ ہزار روپے ظاہر کی گئی جبکہ حقیقت یہ ہے کہ مولانا کے ڈرائنگ روم میں ایک ایک لاکھ روپے مالیت کی ایک کرسی ہے۔علی امین گنڈاپور نے مولانا فضل الرحمن کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مولانا آپ کو یہ حکومت نہیں چھوڑے گی،جواب دینا پڑے گا۔