لاہور۔16 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست دم توڑ چکی ہے' انہوں نے کھایا پیا کچھ نہیںصرف گلاس توڑا ہے' مولانا فضل الرحمن نے دھرنا ختم کرکے عقلمندی کی اب وہ غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں جس پر قانون کی گرفت میں آسکتے ہیں ' مولانا کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا اورکشمیریوں نے بھی …
مولانا فضل الرحمن کی سیاست دم توڑ چکی، دھرنا ختم کرنا عقلمندی ہے، شیخ رشید احمد

مزید خبریں
لاہور۔16 نومبر(اے پی پی )وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست دم توڑ چکی ہے’ انہوں نے کھایا پیا کچھ نہیںصرف گلاس توڑا ہے’ مولانا فضل الرحمن نے دھرنا ختم کرکے عقلمندی کی اب وہ غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں جس پر قانون کی گرفت میں آسکتے ہیں ‘ مولانا کی وجہ سے کشمیر کاز کو نقصان پہنچا اورکشمیریوں نے بھی ان کے دھرنے کو کشمیر کاز کیخلاف سازش قرار دیا ہے’ اس وقت تحریک انصاف کے ووٹرز اورعوام نہیں چاہتے کہ چوروں’ لٹیروں سے رعایت برتی جائے ، پی پی پی کے رہنما خورشیدشاہ کے علاوہ پارٹی کے تمام لوگ پلی بارگین کی طرف جارہے ہیں اور آئندہ 4 سے 6 ماہ میں یہ اونٹ بھی کسی کروٹ بیٹھے گا۔ وہ ہفتہ کے روز ریلوے ہیڈ کوارٹرز لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ پاکستان کے حالات اورسیاست بہتری کی طرف جارہے ہیں’ نئے سال کے آنے تک موجودہ حکومت بہت سی مشکلات سے جان چھڑا لے گی اورمہنگائی’ بیروزگاری کے خاتمے سمیت گڈگورننس کی شروعات ہوچکی ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ جنگ اور سیاست میں موسم کو بہت حد تک پیش نظر رکھا جاتا ہے’ مولانا فضل الرحمن اور ان کے لوگ ایسے موسم میں دھرنے میں آئے کہ کسی اورپارٹی نے اس دھرنے میں شرکت نہ کی اور یہ پہلادھرنا تھا جس کوعوام کی پذیرائی حاصل نہیںہوئی۔ شیخ رشید نے کہا کہ اس وقت جے یو آئی کے لوگ جو روڈ بند کر رہے ہیں ان کو پٹھان خودہی کھلوا لیںگے ۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن دھرنا میں عمران خان کی کاپی کررہے تھے لیکن وہ اس عمل کو زیادہ دیر آگے نہیںبڑھا سکے اور عقلمندی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دھرنا ختم کر دیا کیونکہ دھرنے میں لوگوں کی تعداد اب نہ ہونے کے برابر تھی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پہلے دھرنا ان کا آئینی و جمہوری حق تھا لیکن اب وہ غیر قانونی اقدام کر رہے ہیں جس سے وہ قانون کی زد میں آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی سیاست دم توڑ چکی ہے ان کی اس دفعہ 11 سیٹیں ہیں اور آئندہ الیکشن میں ان سیٹوں کی تعدادکم ہوسکتی ہے بڑھ نہیں سکتی۔ایک سوال کے جواب میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ عوام نے موجودہ حکومت کو احتساب کے نام پرووٹ دیا ہے اوراب تحریک انصاف کے ووٹرز یہ نہیں چاہتے کہ چوروں یا لیٹروں سے رعایت برتی جائے’ نواز شریف کے ای سی ایل سے نام نکالے جانے کے معاملے پر کابینہ کے فیصلے کے ساتھ ہوں’ انہوں نے کہاکہ یہ کہنا سراسر غلط ہے کہ نواز شریف کو باہر نہ بھیجے جانے کی وجہ سے کچھ ہوا تو اس کے عمران خان ذمہ دار ہونگے۔ایک سوال پر شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ ایم کیوایم اور مسلم لیگ(ق) حکومت کے ساتھ ہیں اور یہ پارٹیاں عمران خان سے علیحدہ نہیںہوسکتیں کیونکہ ان پارٹیوں میں سمجھدار لوگ موجودہیں۔ ملک میں حالیہ مہنگائی کے حوالے سے سوال پر ان کا کہنا تھا کہ بلاشبہ مہنگائی موجود ہے لیکن وزیراعظم عمران خان اس سلسلہ میں روزانہ کی بنیاد پر میٹنگز کر رہے ہیں’ بطور کابینہ رکن ہر فورم پر مہنگائی’ بیروزگاری اور گڈ گورننس پر توجہ دینے کی بات کی۔ ٹرین حادثوں کے حوالے سے سوال پر انہوں نے کہاکہ ٹرین حادثوں پر 19 لوگوں کو معطل کیا گیا ہے جبکہ گریڈ 20 کے 3 افسروں کو بھی سزا دی ہے۔ انہوں نے کہاکہ ریلوے پولیس ختم نہیں کی جارہی نہ ہی کوئی نیا میکنزم لایا جارہا ہے بلکہ پولیس میں 500 لوگ اور بھرتی کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ننکانہ صاحب’ حسن ابدال اور نارووال سٹیشنز کو بہترین سٹیشنز بنانے جارہے ہیں، ریلوے مغلپورہ ورکشاپ’ ریلوے ہیڈ کوارٹر اور سٹورزمیں بائیومیٹرک مشینیں نصب کرنے کیلئے ٹینڈرز دیئے گئے ہیں تاکہ ملازمین کی حاضری کو نوٹس میں رکھا جاسکے۔ انہوں نے کہاکہ تبلیغی جماعت کے امیر کامشکور ہوں جنہوں نے تبلیغی جماعتوں کو سلنڈر اورچولہے لے کر سفرکرنے سے منع کر دیا۔








