نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، کیونکہ ایک طاقتور مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ وسیع پیمانے پر بارشوں، اچانک سیلاب، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتا ہے۔
مون سون کی شدت میں اضافہ، 20 سے 23 جولائی تک دریاؤں میں طغیانی اور شہری سیلاب کا خدشہ،این ڈی ایم اے

مزید خبریں
اسلام آباد۔19جولائی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے خبردار کیا ہے کہ 20 سے 23 جولائی کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں درمیانے سے اونچے درجے کے سیلاب کا خطرہ ہے، کیونکہ ایک طاقتور مون سون سسٹم اور مغربی ہواؤں کا سلسلہ وسیع پیمانے پر بارشوں، اچانک سیلاب، دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں اضافے اور شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا باعث بن سکتا ہے۔این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 19 تا 23 جولائی کے دوران مشرقی اور مغربی دریاؤں و ندی نالوں میں طغیانی اور نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور شمالی بالائی پنجاب میں فلیش سیلاب اور ہل ٹورنٹس میں طغیانی کا خدشہ ہے۔دریائے چناب (مارالہ) اور دریائے جہلم (منگلا کے بالائی حصے) میں سیلابی ریلوں کا امکان ہے۔سیالکوٹ (ایک، پلکھو، منور تاوی، جموں تاوی)، نارووال (بین، بسنتر، ڈیگ)، گجرات (بھمبر سے آنے والے نالے) اور مریدکے میں فلیش سیلاب کا امکان ہے۔
ڈی جی خان، راجن پور کے ہل ٹورنٹس، مری اور گلیات کے ندی نالوں اور برساتی نالوں میں شدید بارشوں سے فلیش سیلاب کا ہائی رسک ہوسکتا ہے۔دریائے کابل اور اس کے معاون دریاؤں میں بلند پانی کی سطح کا خطرہ، نوشہرہ سمیت متاثرہ علاقوں میں ہائی الرٹ کا امکان ہے۔دریائے کابل کے ملحقہ علاقوں بلخصوص پنجکورہ، سوات اور چترال میں طغیانی کا خدشہ ہے۔خیبرپختونخوا میں لوئر چترال، اپر و لوئر دیر،مالاکنڈ، شنگلہ، اپر لوئر کوہستان، کولی پالس، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں شدید بارشوں اور فلیش سیلاب کا خطرہ ہے۔گلگت بلتستان میں ہنزہ (شمشال، ہنزہ، کلک)، نگر (ہسپر)، گلگت (گلگت، نلتر، بگروٹ)، غذر (غزر، اشکومن)،دیامر (ثور، کینر، دیامر، تھاک، شیطان نالہ)، شگر (شگر ریور)، گانچھے (شیوک، ہوشے) میں فلیش سیلاب کا الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
راولپنڈی، اسلام آباد، پشاور، گوجرانوالہ، گجرات،سیالکوٹ،نارووال، حافظ آباد،لاہور، شیخوپورہ سمیت متعدد شہروں میں اربن فلڈنگ کا شدید خطرہ ہے۔ضلع دیر، سوات،کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد، چارسدہ، مردان اور ڈی آئی خان میں ہل ٹورنٹس اور محلقہ نالوں میں فلیش سیلاب کا امکان ہے۔این ڈی ایم اے کے مطابق آزاد کشمیر (نیلم، جہلم، پونچھ) کے دریاؤں اور معاون نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ڈی جی خان، راجن پور، بارکھان، لورالائی اور ژوب میں شمالی بلوچستان کے نالوں اور ہل ٹورنٹس میں فلیش سیلاب کا خطرہ ہے۔
این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں اور عوام کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔عوام غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور پہاڑی ڈھلوانوں، دریا کے کناروں اور حساس شاہراہوں پر احتیاط برتیں۔شہری غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کریں، برساتی نالوں اور زیر آب سڑکوں سے دور رہیں۔این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو ہنگامی مشینری اور ریسکیو ٹیموں کو الرٹ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔مسافر و سیاح پہاڑی اور لینڈ سلائیڈ والے راستوں پر مکمل احتیاط کریں اور غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔خطرناک ڈھلوانوں کے قریب سے آمدورفت میں احتیاط برتیں۔عوام مستند اطلاع و حفاظتی تدابیر کے لئے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کریں۔







