مون سون کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع ایس او پیز نافذ کر دئیے گئے ہیں،ترجمان

مون سون کے دوران شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے جامع ایس او پیز نافذ کر دئیے گئے ہیں،ترجمان

لاہور۔4جولائی (اے پی پی):چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر مون سون کے دوران شدید بارشوں، آندھی، طوفان اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے جامع ایس او پیز نافذ کر دئیے گئے ہیں،ان اقدامات کا مقصد صارفین کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی، بجلی کی تنصیبات کا تحفظ اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری رسپانس کو یقینی بنانا ہے۔ترجمان لیسکو کے مطابق تمام سپرنٹنڈنگ انجینئرز، ایکسیئنز، ایس ڈی اوز اور فیلڈ افسران کو ہنگامی حالات میں فوری طور پر متحرک رہنے، ٹرالی مانٹڈ ٹرانسفارمرز، ایمرجنسی میٹریل، گاڑیوں، حفاظتی سامان، ٹی اینڈ پی اور ایمرجنسی گینگز کی ہر وقت دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

واسا، ہسپتالوں، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ اداروں سے مسلسل رابطہ رکھنے، بجلی کی تنصیبات کی نگرانی اور متاثرہ علاقوں میں بجلی کی جلد بحالی کے لیے خصوصی انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔مزید برآں ہیڈکوارٹر اور تمام آپریشن سرکلز میں فوکل پرسنز مقرر کیے گئے ہیں تاکہ وزارتِ توانائی، پی ڈی ایم اے، ضلعی انتظامیہ اور فیلڈ فارمیشنز کے ساتھ موثر رابطہ اور ہنگامی صورتحال کی مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنائی جا سکے۔ ہیڈکوارٹر میں ڈپٹی منیجر میر مصطفی، بلال عادل اور پی ڈی سی کنٹرول روم کو فوکل پرسن نامزد کیا گیا ہے، جبکہ تمام آپریشن سرکلز میں متعلقہ ڈپٹی ڈائریکٹر (ٹیکنیکل) فوکل پرسن کے فرائض انجام دیں گے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو نے واضح کیا ہے کہ مون سون کے دوران تمام آپریشنل ٹیمیں چوبیس گھنٹے الرٹ رہیں گی اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں صارفین کو محفوظ، معیاری اور بلا تعطل بجلی کی فراہمی کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

مزید خبریں