اسلام آباد۔26اگست (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ملک بھر کی موٹرویزکو جدید ممالک کی طرز پر بیرئیرز فری کرنے اور ای ٹیگ کے نظام کو مزید موثر بنانے کی ہدایت کی ہے ، پہلے مرحلے میں ایم ون اور ایم ٹو کی موٹرویز کے لئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم لاگو ہوگا۔نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ہیڈ کو ارٹر میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے ہدایت کی کہ تمام شاہراہوں پر کمپیوٹرائزڈ مانیٹرنگ سسٹم نافذ کیا جائے اور اوور سپیڈ سمیت ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر گاڑی کے مالک کو موبائل پر پیغام جانا چاہیے۔ عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ موٹروے پولیس پر تیز رفتار گاڑیوں کے سامنے آ کر انہیں اچانک روکنے کی ممانعت ہونی چاہیے،انسانی جان زیادہ قیمتی ہے اور موٹروے پولیس کو اپنی اور مسافروں کی حفاظت کو ترجیح دینی چاہیے کیونکہ ایسا کرنے کی صورت میں پہلے ہی سپیڈ سے آنے والی گاڑی کو حادثہ پیش آنے یا موٹروے پولیس آفیسر کو نقصان پہنچنے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔
وفاقی وزیر نے نیشنل ہائی وے اتھارٹی میں ٹول پلازوں کو کھلی نیلامی کے ذریعے کنٹریکٹ پر دینے کی پالیسی کو دیگر معاملات میں بھی اپنانے کی ہدایت کی۔انہوں نے کہا کہ شاہراہوں کے دونوں اطراف یکساں کمرشل پالیسی پر عمل ہونا چاہیے اور اس سلسلے میں حاصل ہونے والے ریونیو کو سو فیصد ڈیجیٹلائز کیا جائے جبکہ اس نظام کو مزید بہتر بنانے کے لئے عوام سے بھی تجاویز طلب کی جائیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ این ایچ اے کمرشل اراضی کے لئے مناسب این او سی فیس رکھے اور ہر شہر اور کاروبارکے لحاظ سے درجہ بندی کی جائے۔ عبدالعلیم خان نے موٹرویز کے دونوں اطراف شجر کاری کے لئے روایتی طریقہ کار سے ہٹ کر پودے لگانے، اُن کی نشوونما اور حفاظت کیلئے نجی شعبے کو شامل کرنے کی ہدایت کی تاکہ درختوں کی تعداد میں اضافے سے ماحولیات میں بہتر ی لائی جا سکے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کو چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور سینئر افسران نے مختلف شعبوں پر بریفنگ دی جبکہ وفاقی وزیر نے این ایچ اے ہیڈ کو ارٹر کا دورہ بھی کیا اور مختلف شعبوں میں ہونے والی بہتری کا جائزہ لیا۔