موٹروے ایم ٹو پر کلر کہار کے مقام پر بس اور کار کے درمیان حادثہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

موٹروے ایم ٹو پر کلر کہار کے مقام پر بس اور کار کے درمیان حادثہ ،کوئی جانی نقصان نہیں ہوا

اسلام آباد۔2مارچ (اے پی پی):موٹروے ایم ٹو پر کلر کہار کے مقام پر بس اور کار کے درمیان حادثہ کے باعث لگنے والی آگ پر موٹر وے پولیس نے بروقت پہنچ کر قابو پالیا۔ نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق کلر کہار پر، بس اور کار کے درمیان حادثہ پیش آیا ہے۔

حادثے کے بعد گاڑی میں آگ لگ گئی، موٹروے پولیس نے بروقت موقع پر پہنچ کر امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا۔ ترجمان نے کہا کہ حادثے میں کسی قسم کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا تاہم پیچھے سے آنے والی پانچ سے چھ گاڑیاں روڈ سلپ ہونے کی وجہ سے آپس میں ٹکرا گئیں، گاڑیاں معمولی ٹکرانے کے نتیجے میں بھی تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی بھی شخص کے زخمی ہونے کی کوئی اطلاع نہیں ملی۔ترجمان نے کہا کہ دریں اثنا شدید دھند کی وجہ سے موٹروے کو بلکسر سے للہ تک بند کر دیا گیاہے۔

ترجمان نے کہا کہ موٹروے بند کرنے کا مقصد حادثات سے بچاؤ اور موٹروے استعمال کرنے والوں کے جان و مال کا تحفظ ہے، شہریوں سے درخواست ہے کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں ۔دھند اور بارش کے دوران تیز رفتاری سے گریز کریں اور اگلی گاڑی سے مناسب فاصلہ معمول سے زیادہ رکھیں ۔