اسلام آباد۔29جولائی (اے پی پی):نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس نے ایک اور سنگ میل طے کر لیا ،موٹروے پولیس ایف ایم 95 ریڈیو نے خیبرپختونخوا کےلئے نوشہرہ، پنجاب کےلئے سرگودھا اور سندھ کےلئے جام شورو سے روڈ سیفٹی نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ۔ این ایچ اے اینڈ موٹر وے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری اعلامیہ کے مطابق اسلام آباد کے بعد موٹر وے پولیس ایف ایم ریڈیو کی نشریات کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ہے ۔
این ایچ اے پولیس کے انسپکٹر جنرل سلمان چوہدری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ سامعین کی درخواست پر موٹروے پولیس ریڈیو کی نشریات کا دائرہ کار اسلام آباد کے علاوہ دیگر شہروں تک بڑھایا جا رہا ہے ۔ انہوں نےکہا کہ جلد ہی ان سٹیشنز سے علاقائی زبانوں میں بھی نشریات کا آغاز کیا جائے گا، ان نشریات سے عوام کو بروقت موٹرویز اور ہائی ویز کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہی میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ ٹریفک قوانین سے آگاہی فراہم کر کے قیمتی جان ومال کے ضیاع کو روکا جا سکے گا،موٹر وے پولیسقومی شاہراؤں کو حادثات سے محفوظ رکھنےاور روڈ سیفٹی ایجوکیشن کے لئے کلیدی کردار ادا کرتی رہے گی۔ دریں اثنا ترجمان موٹر وے پولیس نے کہا کہ مسافروں کو موسم، ٹریفک اور متبادل راستوں کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ رکھنے میں موٹروے پولیس ایف ایم 95 ریڈیو کی بڑی اہمیت ہے ۔
موٹروے پولیس ایف ایم 95 ریڈیو نے وفاقی دارلحکومت اسلام آباد سے اپنی نشریات کا باقاعدہ آغاز کر دیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سامعین نے ایف ایم 95 روڈ سیفٹی نشریات کو سراہا اور ریڈیو نشریات کا دائرہ کار پاکستان کے دیگر شہروں تک بڑھانے کی درخواست بھی کی ہے۔