لاڑکانہ۔ 08 مئی (اے پی پی):لاڑکانہ میں موٹروے پولیس کی جانب سے آئی جی موٹروے پولیس بی اے ناصر کی ہدایت پر زیبسٹ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ میں روڈ سیفٹی سیمینار منعقد کیا گیا، جس میں سیکٹر کمانڈر ایس پی قلب عباس، ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر منصور احمد بگھیو، سینئر انسپکٹر شہزاد یوسف، صغیر علی اور دیگر افسران نے شرکت کی۔
سیمینار میں روڈ قوانین، لائسنس، روڈ سائنز اور روڈ سیفٹی کے حوالے سے آگاہی فراہم کی گئی۔اس موقع پر موٹروے افسران کا کہنا تھا کہ روڈ قوانین پر عمل کرکے ہم جانی اور مالی نقصانات سے بچ سکتے ہیں لہٰذا طلباء سمیت ہر شہری کو ٹریفک قوانین کی پابندی کرنی چاہیے۔
اس موقع پر روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین سے متعلق طلباء و طالبات کے درمیان سوال و جواب کے مقابلے بھی کرائے گئے، جن میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلباء و طالبات کو انعامات دیے گئے۔سیمینار میں زیبسٹ یونیورسٹی کیمپس لاڑکانہ کی ہیڈ پروفیسر ڈاکٹر زاہدہ ابڑو نے موٹروے پولیس کے افسران کا شکریہ ادا کرتے ہوئے طلباء و طالبات کو ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کی ہدایت کی اور کہا کہ مستقبل میں بھی زیبسٹ یونیورسٹی کیمپس میں روڈ سیفٹی اور ٹریفک قوانین کے حوالے سے سیمینارز منعقد کیے جائیں گے تاکہ طلباء ذمہ دار شہری کے طور پر اپنی خدمات سرانجام دے سکیں۔