موٹر سائیکل بے قابو ہوکر منی ٹرک سے ٹکرا گیا،حادثہ میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے

Rescue

فیصل آباد۔ 06 مئی (اے پی پی):موٹر سائیکل بے قابو ہوکر منی ٹرک سے ٹکرا گیا،حادثہ میں میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق کنال روڈ فیصل آباد پر جھال والا پل انڈر پاس پر تیز رفتار موٹر سائیکل بے قابو ہو کر منی ٹرک سے ٹکرا گیا ،حادثہ کے نتیجہ میں موٹر سائیکل سوار ایم یاسر ولد امجد سعید اور اسکی بیوی موقع پر جاں حق ہو گئے۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ون ون ٹو ٹو کی امدادی ٹیم جائے وقوعہ پر پہنچ گئی۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ ریسکیو کنٹرول روم میں ایمرجنسی کال موصول ہوئی جس میں کالر نے بتایا کہ ایک موٹر سائیکل منی ٹرک میں پیچھے سے ٹکرا گیا ہے اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے ہیں ۔

فوری طور پر دستیاب ایمبولنس کو روانہ کروایا گیا۔ زخمی خاتون کو ایک ایمبولنس نے ہسپتال شفٹ کر دیا ۔ مرد زخمی حالت میں منی ٹرک کے نیچے پھنسا ہوا تھا جسے دوسری ایمبولنس نے ریسکیو کیا مگر اس کی موقع پر موت واقع ہو چکی تھی۔ جس کو چوکی طارق آباد کے پولیس اہلکار کی موجودگی میں سول ہسپتال شفٹ کر دیا گیا۔ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہسپتال میں دم توڑ گئی۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر قانونی کارروائی شروع کردی۔ حادثہ کا شکار ہونیوالے میاں بیوی گرو نانک پورہ بکرہ مندی روڈ کے رہائشی تھے۔