موٹر وے ایم ون پر دریائے کابل پل اور جندی پل کے مقام پر سیلاب کی اطلاعات، ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے مطلوبہ مشینری سائیٹ پر پہنچا دی گئی ، ترجمان این ایچ اے

262
NHA
NHA

اسلام آباد۔27اگست (اے پی پی):خیبر پختونخواہ میں موٹر وے ایم ون پر ضلع چارسدہ کے دو مقامات دریائے کابل پل اور جندی پل کے مقام پر سیلاب کی اطلاعات ہیں نیشنل ہائی وے اتھارٹی ( این ایچ اے )اور موٹر وے پولیس نے کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے نمٹنے کے لئے مطلوبہ مشینری سائیٹ پر پہنچا دی ہے۔

ترجمان این ایچ ا ے کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق سیلاب کے باوجود ایم ونکے سٹرکچر کو کوئی نقصان نہیں پہنچا، اسلام آباد پشاور موٹر وے ہر قسم کی ٹریفک کے لئے کھلی ہے۔ تاہم چار سدہ سے پشاور تک ایم ون پر سیلابی پانی کھڑا ہے ۔ ترجمان این ایچ اے نے کہا ہے کہ این ایچ اے کی پوری فیلڈ مینجمنٹ جنرل مینجر کی نگرانی میں موقع پر موجود ہے ۔ نوشہرہ- چکدرہ- دیر -چترال سڑک این۔ 45 ہلکی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے بہت جلد بھاری ٹریفک کے لئے بھی کھول دی جائے جائے گی۔

مہاندری پل، مانسہرہ۔ناران۔جھلکڈ۔چلاس روڈ) جزوی طور پر ہلکی ٹریفک کے لئے کھول دی گئی ہے ۔ ترجمان این ایچ اے نے بتایا کہ جگلوٹ سکردو روڈ کو ، شاہتوت کے مقام پر لینڈ سلائیڈنگ کلئیر کر کے ہر قسم کی دو طرفہ ٹریفک کے لئے کھول دیا گیا ہے، دیگر متاثرہ مقامات سے بھی لینڈ سلائیڈنگ کو صاف کیا جا رہا ہے۔ اسی طرح کراچی ۔کوئٹہ شاہراہ این۔ 25 پر بلیلی بائی پاس پر پل کی بحالی پر کام شروع کر دیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر مواصلات اسعد محمود نے بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ سڑکوں اور پلوں کی فوری بحالی کی ہدایات جاری کی ہیں ۔ وفاقی سیکرٹری مواصلات و چئیرمین این ایچ اے کیپٹن (ر) محمد خرم آغا اپنی ٹیم کے ہمراہ این ایچ اے روڈ نیٹ ورک پر ٹریفک کی بحالی کے لئے دستیاب وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔