سیالکوٹ۔ 06 دسمبر (اے پی پی):محکمہ زراعت نے کہاہے کہ مٹرکی فصل کو موسمی اثرات سے بچاکر بہتر پیداوار حاصل کی جاسکتی ہے ،کاشتکار اچھی پیداوار کے حصول کےلئے فصل کو موسمی اثرات سے بچائیں ، کورے اور دھند سے متاثرہ فصل میں 3سے4کلوگرام یوریا 100لیٹرپا نی میں ملاکر سپرے کریں تاکہ اسے منفی اثرات سے بچانے میں مدد مل سکے۔
ترجمان محکمہ زراعت سیالکوٹ نے اے پی پی‘‘کو بتایا کہ کاشتکار سردموسم میں آبپاشی کا وقفہ بڑھاکر 15دن کردیں اورخالص بیج کے حصول کےلئے پھول آنے اور پھلیاں بننے پر چھدرائی کریں ، جو پودے مطلوبہ قسم کے مطابق نہ ہوں انہیں نکال دیں۔ انہوں نے کہا کہ فصل میں پھول پرآدھی بوری یوریا فی ایکڑ کے حساب سے ڈالیں۔
ان کا کہنا تھا کہ درجہ حرارت کم ہونے پر مٹرکی اگیتی فصل پر اکھیڑاکی بیماری حملہ آورہوتی ہے جس سے پوداجڑ سے سوکھ جاتا ہے،ماہرین زراعت کی مشاور ت سے اس بیماری سے بچاؤ کےلئے نئی ادویات کا سپرے ضروری ہے، ا س ضمن میں محکمہ زراعت (توسیع و پیسٹ وارننگ)کے مقامی عملے سے بھی مشورہ کیاجاسکتاہے۔