مٹیاری میں 26 فروری سے شروع ھونے والی انسداد پولیو مہم کا افتتاح ، ضلع کے 1 لاکھ 81 ہزار 247 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے

Polio campaign
Polio campaign

حیدرآباد۔ 22 فروری (اے پی پی):ضلع مٹیاری میں 26 فروری سے 3 مارچ تک انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرديا گیا، مہم کے دوران ضلع کے 1 لاکھ 81 ہزار 247 بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے، پولیو کے بارے میں عوام میں شعور بیدار کرنے کے لیے ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون نور احمد کھڑو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو مونس احمد ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال جاگیرانی، ڈاکٹر فرید میمن فوکل پرسن، ڈاکٹر ونود کمار انچارج پولیو کنٹرول روم، ڈاکٹر بابر حسین ڈبلیو ایچ او اور دیگر حکام نے شرکت کی۔

ڈپٹی کمشنر سیکرٹریٹ میں پولیو کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری لعل ڈنو منگی نے کہا کہ پولیو سے انکار کرنے والے والدین کو کمیونٹی کے معززین اور علمائے کرام کے ذریعے اپنے بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے پر آمادہ کیا جائے تاکہ ہر بچہ محفوظ رہے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ قومی فریضہ ہے، پولیو کے خاتمے کے ہدف کے حصول کے لیے تمام سٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا تاکہ ہم اپنی آنے والی نسلوں کو اس مہلک مرض سے نجات دلا کر محفوظ کر سکیں۔

ڈپٹی کمشنر مٹیاری لال ڈنو منگی نے مزید کہا کہ پولیو مہم میں کام کرنے والی ٹیموں کو ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے تاکہ پولیو مہم کے سو فیصد نتائج حاصل کیے جا سکیں۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر اقبال جاگیرانی نے اجلاس کو بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے دوران پانچھ سال سے کم عمر کے 1 لاکھ 81 ہزار 247 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلائے جائیں گے۔