مکئی کی علاقائی تقسیم کے حوالے سے 17اقسام زیر کاشت ہیں،خالد محمود

151
Corn crop
Corn crop

لاہور۔ 15 نومبر (اے پی پی):فیصل آباد ڈویژن سمیت اکثر اضلاع میں مکئی کی کاشت کے رقبہ میں اضافہ ہو گیا ہے اور چونکہ مکئی کا شمار ملک کی اہم اور نقد آور فصلات میں کیا جاتا ہے لہٰذا موجودہ حالات میں اس کی ضرورت میں اضافہ کے باعث جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے اس کی فی ایکڑ پیداوار بھی تسلسل سے بڑھتی جار ہی ہے۔محکمہ زراعت توسیع فیصل آباد کے ڈائریکٹر خالد محمود نے اے پی پی کو بتایا کہ نقد آور فصل ہو نے کی وجہ سے ہر سال مکئی کی کاشت کے رقبے میں اضافہ ہو رہا ہے جس کے باعث گذشتہ سال اس کی ریکارڈ 69لاکھ ٹن سے بھی زیادہ پیداوار حاصل ہوئی تھی۔

انہوں نے بتا یا کہ اس وقت تک مکئی کی 30کے قریب اقسام دریافت کی جا چکی ہیں جن میں سے پیداوار اور علاقائی تقسیم کے حوالے سے 17اقسام زیر کاشت ہیں۔انہوں نے بتا یا کہ ہائبرڈ بیج کے استعمال سے مکئی کی پیداوار 63من فی ایکڑ تک ہو سکتی ہے جو روائتی بیج کی نسبت کم از کم 10من زیادہ ہے۔انہوں نے بتا یا کہ تھائی لینڈ مکئی کی انتہائی نقد آور و قیمتی فصل سے مختلف اقسام کی اشیا تیار کر کے ایکسپورٹ کر رہا ہے اور اس سے بھاری زر مبادلہ بھی کمایا جا رہا ہے۔

ا نہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مکئی کی فصل کیلئے سبسڈی کے اعلان سے اس کی اضافی پیداوار برآمد کر کے بھاری زر مبادلہ حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ مکئی سمیت دیگر اجناس کی کاشت بڑھانے کیلئے کاشتکار بھر پور تعاون کریں گے تاکہ ملک میں سر سبز انقلاب لانے کے خواب کو عملی شکل دی جا سکے۔