ریاض۔4اگست (اے پی پی):مکہ مکرمہ میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی زیر سرپرستی وزیر اسلامی امور شیخ ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کی صدارت میں اسلامی ممالک کے وزارت اوقاف و اسلامی امور کی ایگزیکٹو کونسل کے 14 ویں اجلاس کا آغاز ہو گیا۔
ایس پی اے،کے مطابق دارالحکومت ریاض میں ہونے والی وزارت اوقاف و اسلامی امور کی ایگزیکٹو کونسل کے 14 ویں اجلاس میں حالیہ سیشن کے ایجنڈے کا جائزہ لیا گیا اور نویں کانفرنس کے ایجنڈے کی متفقہ طور پر منظوری دی گئی۔افتتاحی اجلاس میں کونسل کے کام کرنے کے طریقے پر تبادلہ خیال ،اسلامی امور کی ضروریات اور نئے مسائل کے حل کے لیے پیش کی جانے والی تجاویز اور آرا پر بھی غور کیا گیا۔علاوہ ازیں آئندہ (15 ویں) کانفرنس کے حوالے سے بعض تجاویز بھی زیر غورآئیں جس میں میزبان ملک کے بارے میں بھی بات چیت کی گئی۔
واضح رہے اسلامی ممالک کے وزرات اوقاف کی ایگزیکٹو کونسل کے اس وقت 8 ممالک رکن ہیں جن میں سعودی عرب، اردن، انڈونیشیا، پاکستان ، جمہوریہ گیمبیا ، کویت ، مصر اور جمہوریہ مراکش شامل ہیں۔