برسلز ۔ 07 نومبر (اے پی پی)یورپی کمیشن نے ترکی کی اس دھمکی کو مسترد کر دیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ اگر یورپی یونین ترک شہریوں کو یورپ میں بغیر ویزا سفر کرنے کی اجازت نہیں دیتی تو مہاجرین کے حوالے سے یونین سے طے کردہ معاہدہ ختم کر دیا جائے گا۔میڈا رپورٹس کے مطابق یورپی کمیشن کے سربراہ جینز کلاڈ جنکر نے اپنے انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر تارکینِ وطن کے حوالے سے ترکی اور یورپی یونین کے مابین طے پانے والا معاہدہ ختم ہوتا ہے تو اِلزام ترک رہنماوں پر عائد ہو گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ ترکی نہ صرف جمہوری اقدار سے دوری اختیار کر رہا ہے بلکہ یورپ کے ساتھ اپنے قریبی تعلقات کو بھی خطرے میں ڈال رہا ہے۔یورپی کمیشن کے سربراہ نے میں مزید کہاکہ ترک رہنماوں کی جانب سے دی جانے والی دھمکیاں مجھ پر اثر نہیں کرسکتیں۔ اگر ترک حکومت طے شدہ شرائط پر عمل پیرا نہیں ہوتی تو پھر ویزوں کے معاملے پر بھی پیش رفت نہیں ہو گی۔