حیدرآباد۔ 13 جون (اے پی پی):مہران یونیورسٹی آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے نو منتخب شدہ عہدیداران کی تقریبِ حلف برداری منعقد ہوئی۔ شیخ الجامعہ جامعہ مہران پروفیسر ڈاکٹر طحٰہ حسین علی نے نو منتخب باڈی سے حلف اٹھوایا۔ اس موقعہ پر انہوں نے نئی باڈی اور افسران کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جامعہ مہران میں صنعتوں کو اپنی طرف لانے کے لئے نئے آئیڈیاز درکار ہیں اور اس ضمن میں جامعہ کے افسران، اساتذہ و محققین انڈسٹری کے مابین پُل کا کردار ادا کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس میں اساتذہ کے علاوہ افسران اور ملازمین کا بھی کردار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت نہ صرف جامعہ مہران بلکہ تمام جامعات مالی مشکلات کا شکار ہیں، اسی لئے ہمیں اخراجات کم کرنے کی پالیسی اپنانی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے تحقیقی منصوباجات بڑھانے چاہیئں تا کہ سرمایہ کار آئیں اور ہمارے پاس سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ جامعہ مہران میں تمام سٹیک ہولڈرز برابر اور ایک ہی اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انا، ضد اور جھگڑوں سے نہیں بلکہ ہر مسئلے کا حل بات چیت اور مسئلے کا حل تلاش کرنے میں ہے، اس لئے ہمیں منفی سوچ کو ترک کر کے مثبت سوچ اپنانی ہوگی۔ تقریب میں سابق شیخ الجامعہ جامعہ مہران ڈاکٹر عبدالاحد ابڑو سمیت مختلف ڈینز، چیئرمینز اور افسران نے شرکت کی۔