مہر کاشف یونس کی فاران شاہد کی قیادت میں برآمد و درآمد کنندگان کے وفد سے ملاقات

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ چین کے زمینی راستے کرغزستان اور پاکستان کے مابین آمدو رفت اور روابط سے دوطرفہ اقتصادی ترقی، تجارت، تعاون اور خطے کی مجموعی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔ بدھ کو یہاں فاران شاہد کی قیادت میں برآمد و درآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خشکی سے …

اسلام آباد۔13دسمبر (اے پی پی):کرغزستان ٹریڈ ہائوس کے چیئرمین مہر کاشف یونس نے کہا ہے کہ چین کے زمینی راستے کرغزستان اور پاکستان کے مابین آمدو رفت اور روابط سے دوطرفہ اقتصادی ترقی، تجارت، تعاون اور خطے کی مجموعی ترقی میں کئی گنا اضافہ ہو گا۔

بدھ کو یہاں فاران شاہد کی قیادت میں برآمد و درآمد کنندگان کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خشکی سے گھرے ملک کرغزستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ تجارت کیلئے چین نے زمینی راستے سے جو سہولت فراہم کی ہے اس سے اقتصادی ترقی اور علاقائی روابط کے امکانات میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری ان جغرافیائی طور پر دور ممالک کو جوڑنے والے ایک اہم راستے کے طور پر کام کرتی ہے۔ وسطی ایشیائی ملک کرغزستان بندرگاہوں تک براہ راست رسائی سے محروم ہےاس لئے زمینی تجارتی راستے اس کی اقتصادی ترقی کے لیے انتہائی اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ این ایل سی کے ایک تجارتی قافلے کے ان زمینی راستوں سے بغیر کسی رکاوٹ کے گزرنے سے کرغیز اور پاکستانی کاروباری اداروں کے درمیان سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات میں اضافہ ہوا ہے۔ این ایل سی کے کنٹینرز کے ذریعے کرغزستان کو کامیاب پاکستانی برآمدات کے بعد یہ اقتصادی ہم آہنگی نہ صرف دونوں ممالک کو فائدہ پہنچائے گی بلکہ وسطی اور جنوبی ایشیا کے وسیع تر اقتصادی انضمام میں بھی معاون ثابت ہو گی۔

مہر کاشف یونس جو وفاقی ٹیکس محتسب کے کوآرڈینیٹر اور اسٹریٹجک تھنک ٹینک گولڈ رنگ اکنامک فورم کے نائب صدر بھی ہیں، نے کہا کہ موثر نقل و حمل سے زیادہ مضبوط اقتصادی شراکت داری کو فروغ ملے گا اور ٹرانزٹ کے وقت اور اخراجات میں نمایاں کمی آئے گی ۔

مزید خبریں