حیدرآباد۔ 03 ستمبر (اے پی پی):میئر حیدرآباد کاشف علی شورو نے فلڈ الرٹ کے پیش نظر قاسم آباد، سحرش نگر، حسین آباد اور لطیف آباد کے علاقوں میں دریائے سندھ کے حفاظتی بندوں کا معائنہ کیا اور متوقع سیلابی صورتحال و انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، محکمہ آبپاشی، حیدرآباد واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن اور بلدیہ اعلیٰ حیدرآباد کے افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔
محکمہ آبپاشی کے افسران نے میئر کو بندوں کے پشتوں، ممکنہ سیلابی ریلے اور کچے کے علاقے سے مکینوں کی منتقلی کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ میئر کاشف شورو نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ وہ فلڈ الرٹ کے سلسلے میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اپنی تیاری مکمل رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میں فراہمی و نکاسی آب کے دیرینہ مسائل موجود ہیں اور اس کا اسٹرکچر بھی خاصا پرانا ہے، تاہم شہریوں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے فلٹریشن پلانٹس اور پمپنگ اسٹیشنز کی بہتری کے ساتھ ساتھ نئے منصوبوں پر بھی کام جاری ہے، جن کی تکمیل سے شہریوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔