میامی اوپن ٹینس مینز سنگلز،ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز ،ٹیلر فریٹز ،کیرن خچانوف اور جینک سنر کوارٹر فائنل میں داخل

Open Tennis Women's Singles Semi-Finals
Open Tennis Women's Singles Semi-Finals

فلوریڈا۔29مارچ (اے پی پی): سپین کے نامور ٹینس سٹار ،عالمی نمبر ایک ،دفاعی چیمپئن اور ایونٹ کے ٹاپ سیڈڈ کارلوس الکاراز ،امریکی ٹینس سٹار ٹیلر فریٹز ، روسی ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف اور اٹلی کے جینک سنراپنی عمدہ کارکردگی کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئےمیامی اوپن ٹینس مینز سنگلز کوارٹر فائنل میں پہنچ گئےجبکہ یونانی ٹینس کھلاڑی اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ سٹیفانوس ،روس کے ٹینس کھلاڑی آندرے روبلوف اور میزبان کھلاڑی ٹامی پال چوتھے رائونڈ میں ہار کر ایونٹ سے باہر ہوگئے۔

میامی اوپن کے دلچسپ مقابلوں کا سلسلہ ہارڈ روک سٹیڈیم، فلوریڈا میں جاری ہے۔ مردوں کے سنگلز مقابلوں کے چوتھے رائونڈ میں19 سالہ دفاعی چیمپئن ہسپانوی ٹینس سٹار کارلوس الکاراز نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے حریف امریکی کھلاڑی ٹامی پال کو سٹریٹ سیٹس میں 4-6 اور 4-6 سے ہرا کر کوارٹر فائنل کے لئے کوالیفائی کرلیا۔ کالوس الکاراز کو اے ٹی پی رینکنگ میں سرفہرست رہنے کے لیے میامی میں کے اپنے ٹائٹل کا دفاع کرنا لازم ہوگا۔

امریکی کھلاڑی ٹیلر فریٹز نے بھی ٹاپ 16 رائونڈ پار کر لیا، انہوں نے چوتھے رائونڈ میں ڈنمارک کے ہولگر رونے کو سیدھے سیٹس میں 3-6 اور 4-6 سے مات دی، روس کے ٹینس کھلاڑی کیرن خچانوف نے عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے یونانی کھلاڑی اور ایونٹ کے سیکنڈ سیڈڈ سٹیفانوس کو ٹائی بریک پر 6-7(4-7) اور 4-6 سے ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا۔

ایک اور میچ میں اٹلی کے جینک سنر نے حریف روسی کھلاڑی آندرے روبلوف کے خلاف عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے سٹریٹ سیٹس میں 2-6 اور 4-6 سے کامیابی سمیٹی ۔