لاہور۔ 31 مئی (اے پی پی) چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کورونا وباءسے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں مقامی ،غیر ملکی اور خاص طور پر چینی سرمایہ کاروں کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں مشترکہ منصوبوں کے لئے ہرممکن ترغیبات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ ملکی ترقی کا یہ منصوبہ فیڈمک کے تحت سی پیک کے …
میاں کاشف اشفاق کی چین کے سفیر یاو جینگ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو
لاہور۔ 31 مئی (اے پی پی) چیئرمین فیصل آباد انڈسٹریل اسٹیٹ ڈویلپمنٹ اینڈ منیجمنٹ کمپنی (فیڈمک) میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کورونا وباءسے پیدا شدہ صورتحال کے تناظر میں مقامی ،غیر ملکی اور خاص طور پر چینی سرمایہ کاروں کو علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی میں مشترکہ منصوبوں کے لئے ہرممکن ترغیبات اور سہولیات فراہم کی جائیں گی‘ ملکی ترقی کا یہ منصوبہ فیڈمک کے تحت سی پیک کے خصوصی اقتصادی زون کے طور پر قائم کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں پاکستان میں چین کے سفیر یاو¿ جینگ سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ فیڈمک کے چیف آپریٹنگ آفیسر عامر سلیمی اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں چینی سرمایہ کاری اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں باہمی تعاون سمیت اہم باہمی امور زیربحث آئے۔ وزیر اعظم عمران خان کی کاروبار دوست غیر ملکی سرمایہ کاری پالیسی کے نمایاں نکات بیان کرتے ہوئے میاں کاشف نے کہا کہ غیر ملکی خصوصاً چینی سرمایہ کاروں نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے مختلف صنعتی شعبوں میں سرمایہ کاری کے لئے گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔ حکومت پاکستان کاروباری آسانیوں اور بنیادی ڈھانچے میں اصلاحات کے لئے کوششیں کر رہی ہے اور یہ خوش آئند ہے کہ دنیا بھی پاکستان کی معاشی ترقی کو تسلیم کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان چین کا دیرینہ تجارتی اور اسٹریٹجک شراکت دار رہا ہے۔ سی پیک کے تحت سرمایہ کاری بڑھانے اور پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط اور آزاد ملک بنانے کے لئے برآمدات بڑھانے پر توجہ دی جا رہی ہے اور ہم سی پیک میں شامل منصوبوں کی جلد تکمیل کے منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان معاشی استحکام کے لئے چینی سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہا ہے اور امید ہے کہ آنے والے دنوں میں چین سے مزید سرمایہ کاری آئے گی۔ میاں کاشف نے کہا کہ فیڈمک کاروباری سرگرمیوں کے فروغ، معاشی استحکام اور مضبوط تجارتی تعلقات کے قیام میں چین سے ہر ممکن تعاون کیلئے پر عزم ہے۔ سی پیک منصوبے ملکی معیشت میں تبدیلی کا پیش خیمہ ہیں اور اس فریم ورک کے تحت تمام منصوبے ترجیحی بنیادوں پر مکمل کئے جا رہے ہیں۔ ہم بنیادی ڈھانچے، روڈ نیٹ ورک اور توانائی منصوبوں کی تعمیر میں چینی مدد اور تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور مزید شعبوں میں دو طرفہ تعاون کے فروغ کے متمنی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو بہترین سہولیات فراہم کررہی ہے اور کاروباری آسانیوںکیلئے اس میں حائل رکاوٹوں کو کم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سستی لیبر اور پیداواری لاگت میں کمی کیلئے چینی کمپنیاں اپنے پلانٹ پاکستان منتقل کریں۔ فیڈمک کے سربراہ نے کہا کہ نئے بزنس مین اور سرمایہ کار خصوصاً دبئی ، برطانیہ ، امریکہ اور دیگر ممالک سے اوورسیز پاکستانی بھی اس انڈسٹریل سٹی میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ انڈسٹریل اسٹیٹ میں ٹیکسٹائل ، فارماسوٹیکل ، فوڈ ، اناج ، کاسمیٹکس ، الیکٹریکل پینل اور بجلی کی صنعتوں کے ساتھ ساتھ رائس پراسیسنگ فیکٹریوں کا قیام بھی عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ سب سے اہم اور خوش آئند بات یہ ہے کہ پیڈمک نجی شعبے کے تحت کام کر رہا ہے اور وہ بدلتے ہوئے ماحول اور وقت کے تقاضوں کے مطابق ترقیاتی کاموں کی رفتار اور معیار کو برقرار رکھنے کے لئے زیادہ لچک دار، محرک اور مالی طور پر خود مختار ہے۔









