میجر جنرل سعید الزماں جنجوعہ میموریل پولو کپ ٹیم بلوچستان نے جیت لیا

119

لاہور۔26جنوری (اے پی پی):جناح پولو فیلڈز کے زیراہتمام آٹھ گول ٹورنامنٹ میجر جنرل سعید الزماں جنجوعہ میموریل پولو کپ کا فائنل ٹیم بلوچستان نے جیت لیا۔ فائنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد آرمی کی ٹیم کو 6-4.5 گول سے ہرا دیا۔ تفصیلات کے مطابق فائنل میچ دیکھنے کیلئے زندہ دلان لاہور کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔ فائنل کے مہمان خصوصی لیفٹیننٹ جنرل فاروق احمد خان تھے۔ اس موقع پر جے ایس بینک کے ریجنل ہیڈ ماجد قریشی، جنرل سعید الزماں کے صاحبزادے بریگیڈیئر بدر الزماں (ر)کلب کے سیکرٹری میجر علی تیمور (ر) اور کھلاڑیوں کی ایک بہت بڑی تعداد موجود تھی۔

فائنل میچ سے قبل ینک گرلز اینڈ ینگ بوائز کی ٹیموں کے درمیان ایک نمائشی دو چکر میچ کھیلا گیا جس میں گرلز کی ٹیم نے بوائز کی ٹیم کو 4-0 سے ہرا دیا۔ آرمی اور ٹیم بلوچستان کے درمیان زبردست میچ ہوا۔ آرمی کی ٹیم نے تین چکرز تک برتری حاصل کئے رکھی جبکہ چوتھے چکر میں ٹیم بلوچستان نے شاندار کھیل پیش کرکے فائنل جیت لیا۔ بلوچستان کی طرف سے راجہ میکائل سمیع نے تین، احمد بلال ریاض، ممتاز عباس نیازی اور لیفٹیننٹ کرنل شاہیان عباسی نے ایک ایک گول سکور کیا۔ آرمی کی طرف سے دونوں گول راجہ سمیع اللہ نے سکور کیے۔ جبکہ اڑھائی گول انہیں ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج حاصل تھا۔

فائنل میچ کی بہترین گھوڑی کا انعام احمد بلال ریاض کی تتلی کو دیاگیا۔ فائنل کے بہترین کھلاڑی کا انعام راجہ میکائل سمیع کو دیا گیا۔ قبل ازیں سبسڈری فائنل میں ڈائمنڈ پینٹس نے ڈی ایس پولو کو 7-4 سے ہرا دیا۔