میجر راجہ عزیز بھٹی شہیدکا 61واں یومِ شہادت کل(ہفتہ)منایا جائے گا

میجر راجہ عزیز بھٹی شہیدکا 61واں یومِ شہادت کل(ہفتہ)منایا جائے گا

راولپنڈی ۔11ستمبر (اے پی پی):میجر راجہ عزیز بھٹی شہیدکا 61واں یومِ شہادت ہفتہ (کل)کومنایا جائے گا۔چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسزفیلڈ مارشل سید عاصم منیر، پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل نوید اشرف،پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈجنرل سید عامر رضا نے پاک افواج کی جانب سے نشانِ حیدر حاصل کرنے والے میجر راجہ عزیز بھٹی شہید کے 61ویں یومِ شہادت کے موقع پر انہیں خراجِ عقیدت پیش کیاہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر سے جاری بیان کے مطابق پاک افواج نے میجر عزیز بھٹی شہید کی غیر معمولی بہادری، قیادت اور عظیم قربانی کو سلام پیش کیاہے۔1965ء کی جنگ کے دوران میجر عزیز بھٹی شہید نے لاہور کے قریب برکی سیکٹر کا غیر معمولی جرات و بہادری سے دفاع کیا۔ انہوں نے دشمن کے مسلسل حملوں کے باوجود پانچ دن اور پانچ راتیں اپنی پوزیشن پر ڈٹے رہ کر دفاع کیا۔ ان کی پُرعزم قیادت اور ناقابلِ شکست جذبے نے دشمن کی پیش قدمی روک دی اور انہیں شجاعت، فرض شناسی اور قربانی کی لازوال علامت بنا دیا۔

ان کا ورثہ آج بھی قوم اور پاکستان کے دفاع کے لیے خدمات انجام دینے والی نسلوں کے لیے مشعلِ راہ ہے۔میجر عزیز بھٹی شہید کی فرض سے بے لوث وابستگی، غیر متزلزل بہادری اور عظیم قربانی آج بھی آنے والی نسلوں کے لیے قابلِ تقلید مثال ہے۔ پاک افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ملک کی خودمختاری اور سلامتی کے دفاع کے لیے اسی بہادری، عزم اور قربانی کے جذبے کے ساتھ اپنا فرض ادا کرتی رہیں گی، جس کی میجر عزیز بھٹی شہید نے لازوال مثال قائم کی۔