میران شاہ میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ، 3 دہشت گرد ہلاک ،3اہلکار جام شہادت نوش کر گئے

172
Successful operation
Successful operation

اسلام آباد۔11جون (اے پی پی):راولپنڈی شمالی وزیرستان کے علاقے میران شاہ میں دہشت گردوں اور سکیورٹی فورسز کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں 3 دہشت گرد ہلاک جبکہ تین اہلکاروں نے جام شہادت نوش کیا۔اتوار کو آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق 9 اور 10 جون کی رات شمالی وزیرستان کے ضلع میران شاہ کے عام علاقے میں فوج اور دہشت گردوں کےدرمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

سکیورٹی فورسز نے مؤثر طریقے سے دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا جبکہ چار دہشت گرد زخمی ہوئے۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد ہوا ہے،تاہم شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران صوبیدار اصغر علی (عمر 40 سال سکنہ لکی مروت)، سپاہی نسیم خان (عمر 26 سال، سکنہ لکی مروت ضلع) اور سپاہی محمد زمان (عمر 22 سال، سکنہ ایبٹ آباد)نےبہادری سے لڑ کر شہادت کو گلے لگا لیا۔

علاقے کی کلئیرنس کی جا رہی ہے تاکہ علاقے میں پائے جانے والے دیگر دہشت گردوں کو ختم کیا جا سکے۔آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔