میرپور۔۔8دسمبر (اے پی پی):نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم بنگلہ دیش کے خلاف میرپور ٹیسٹ کے تیسرے روز پہلی اننگز میں 180 رنز پر آئوٹ ہوگئی، گلین فلپس نے 87 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کو مشکل صورتحال سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا، بنگلہ دیش نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 38 رنز بنا لئے، میزبان ٹیم کو مجموعی طور پر 30 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
جمعہ کو شیر بنگلہ سٹیڈیم میرپور میں کھیلے جارہے دوسرے ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز نیوزی لینڈ نے 55 رنز 5 کھلاڑی آئوٹ پر اننگز کا آغاز کیا تو ڈیرل مچل 12 اور گلین فلپس 5 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے، ایسا لگ رہا تھا کہ میزبان ٹیم کیوی بیٹرز کو جلد آئوٹ کرکے پہلی اننگز میں برتری حاصل کرلے گی تاہم فلپس کی شاندار بیٹنگ کی بدولت کیوی ٹیم نے پہلی اننگز میں 180 رنز بنا کر حریف ٹیم پر 8 رنز کی برتری حاصل کرلی،
گلین فلپس نے 72 بالوں پر 87 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیلی جس میں 4چھکے اور 9 چوکے شامل ہیں، ڈیرل مچل 18، مچل سینٹنر ایک، کیل جیمیسن 20 اور کپتان ٹم ساوتھی 14 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ بنگلہ دیش کی طرف سے مہدی حسن اور تیجل الاسلام نے تین تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ شریف الاسلام اور نعیم حسن نے دو دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
بنگلہ دیش نے 8 رنز کے خسارے کے ساتھ اپنی دوسری اننگز کا آغاز کیا تاہم ابتدا میں ہی اسے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب پہلے ہی اوور میں محمود حسن جوئے دو رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ کچھ دیر بعد کپتان نجم الحسن شنٹو بھی 15 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے، اس طرح بنگلہ دیش نے تیسرے روز کھیل کے اختتام پر 2 وکٹوں کے نقصان پر 38 رنز بنا کر 24 رنز کی برتری حاصل کرلی ہے،
ذاکر حسن 16 اور مومن الحق صفر پر ناٹ آئوٹ ہیں، کیوی بائولرز اعجاز پٹیل اور ٹم سائوتھی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے کہ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم پہلی اننگز میں 172 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی جبکہ بارش کے باعث دوسرے روز کا کھیل ممکن نہیں ہو سکا تھا۔