پاکستان ہاکی ٹیم نے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پول بی کے اہم میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو2 کے مقابلے میں5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ علی حمزہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 ،پاکستانی ہاکی ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی

مزید خبریں
لاہور۔8ستمبر (اے پی پی):پاکستان ہاکی ٹیم نے مینز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے پول بی کے اہم میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملائیشیا کو2 کے مقابلے میں5 گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کرلیا۔ پاکستان کی ٹیم ایونٹ میں ناقابل شکست رہتے ہوئے تیسری کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہی، جبکہ علی حمزہ کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
میچ کا آغاز سنسنی خیز انداز میں ہوا اور 9 ویں منٹ میں ملائیشیا کے محمد صالحی نے گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلادی۔ پاکستان نے دوسرے ہاف میں شاندار کم بیک کرتے ہوئے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا اور ملائیشیا کے دفاع پر مسلسل دبائو برقرار رکھا۔ پاکستان کی جانب سے 32 ویں منٹ میں ندیم خان نے گول کرکے مقابلہ1-1 سے برابر کردیا، جبکہ 36ویں منٹ میں عبداللہ سمیع رانا نے گول کرکے پاکستان کو 1-2 کی برتری دلادی۔ اس کے بعد ولید رانا نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 39ویں اور 40 ویں منٹ میں مسلسل دو گول سکور کیے اور پاکستان کی برتری 1-4 کردی۔ 41 ویں منٹ میں علی حمزہ نے پاکستان کی جانب سے پانچواں گول کرکے سکور 1-5 کردیا۔
ملائیشیا کی جانب سے 54 ویں منٹ میں گناسیلن دھیرش نے دوسرا گول کیا، تاہم پاکستان نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھتے ہوئے 2-5 سے کامیابی حاصل کرلی۔ پی ایچ ایف کے صدر نے شاندار فتح پر جونیئر ٹیم اور مینجمنٹ کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ قومی جونیئر ٹیم آئندہ میچز میں بھی اپنی کامیابیوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اسی جذبے اور تسلسل کے ساتھ بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔







