سرگودھا ۔ 11 فروری (اے پی پی):میونسپل کارپوریشن سرگودھا نے پارکنگ نہ رکھنے والے 11 سے زائد ہسپتالوں کی فارمیسی و ایڈمن دفاتر کو سیل کر دیا ۔
میونسپل کارپوریشن ذرائع کے مطابق وزیرِ اعلٰی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر کمشنرسرگودھا ڈویژن/ ایڈمنسٹریٹرمیونسپل کارپوریشن ملک جہانزیب اعوان کی سربراہی میں میونسپل آفیسر(پلاننگ) فیصل ملک نے 11 سے زائد ہسپتالوں کی فارمیسی و ایڈمن دفاتر سیل کیے ۔
ان ہسپتالوں میں سٹی ہسپتال،عمر ہسپتال ،العباس ہسپتال ،صادق ہسپتال ،ظہیر اآئی ہسپتال ،بلال میڈیکل کیئر، وجاہت ہسپتال ،فیض میموریل ہسپتال ،نواں کیئرہسپتال ودیگرہسپتال شامل ہیں ۔
میونسپل آفیسر (پلاننگ) فیصل ملک نے کہا کہ پارکنگ ایریاز نہ رکھنے پر مذکورہ ہسپتالوں کو متعدد بار نوٹس جاری کیے گئے تھے لیکن ہسپتال انتظامیہ نے کوئی نوٹس نہ لیا۔
فیصل ملک نے کہا کہ آپریشن دیگر علاقوں میں قائم ہسپتالوں ،پلازوں ،تعلیمی اداروں سمیت کمرشل اداروں کے خلاف پارکنگ نہ دینے تک جاری رہے گا جس میں کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔