کوئٹہ۔ 11 مارچ (اے پی پی):ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات کے احکامات پر میٹروپولٹین کارپوریشن کوئٹہ کے انسدادِ تجاوزات برانچ کے انچارچ علی رضا درانی نے ڈی ایس پی ٹریفک پولیس، سپیشل مجسٹریٹ اکرم حریفال کے ہمر اہ تجاوزات اور ٹریفک میں خلل کا باعث بننے والے ریڑھی بانوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سرکلر روڈ، میزان چوک، قندھاری بازار، مسجد روڈ، کانسی روڈ، سبزی مارکیٹ، مالی باغ پر قائم تجاوزات کو ختم کیا جبکہ ٹریفک کی راہ میں رکاوٹ بننے والی ریڑھیاں اور سامان ضبط کر لیا ۔
اس موقع پر علی رضا درانی نے کہا کہ جو بھی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی میں خلل کا باعث بنے گا اسکے خلاف باحکم ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ محمد حمزہ شفقات ہر ہفتے کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر کے مرکزی بازار سمیت شہر کے دیگر علاقوں میں ٹریفک میں خلل ڈالنے والوں کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہے گی،
اس سلسلے میں تاجر برادری، عوام سمیت ہر مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ٹریفک کے نظام کو بہتر بنانے میں ہمارا ساتھ دیں کیونکہ کوئٹہ ہم سب کا مشترکہ گھر ہے اور اس کی بہتری اور ترقی کے لئے ہمیں مل کر اپنے اپنے حصے کی ذمہ داری کو نبھانا ہوگا۔