میپکو کے آپریشن میں ایک روز میں 8کروڑ57لاکھ روپے وصول

107
MAPCO
MAPCO

ملتان۔ 27 ستمبر (اے پی پی):رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز کے خلاف جاری میپکو کے آپریشن میں ایک روز میں 8کروڑ57لاکھ روپے وصول کر لئے۔ ریجن بھر میں 65ہزارنادہندگان سے وصول شدہ واجبات /بقایاجات اور رننگ بلوں کی رقم ایک ارب 32کروڑ79لاکھ30ہزارروپے ہوگئی۔ واجبات /بقایاجات کی عدم ادائیگی پرریجن بھر میں 57ہزار645گھریلو، 4ہزار115تجارتی، 425صنعتی،2ہزار680زرعی ٹیوب ویلوں اور141 دیگر کیٹگریز کے ڈیفالٹرز کے خلاف آپریشن کیاگیا۔

بوریوالہ میں میپکو سٹی سب ڈویژن بوریوالہ کی ٹیم نے میٹراکاؤنٹ نمبر 01-15331-0018300بنام ظفر اقبال زیر استعمال جاوید اقبال سے واجبات وصول کرنے گئی تو ڈیفالٹر واجبات جمع کروانے سے انکاری ہوااور دو نامعلوم افراد کے ہمراہ ملازمین سے نہایت بدتمیزی، گالم گلوچ کی اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں۔کارسرکار میں مداخلت کرتے ہوئے اپنے کنکشن کی تاریں خود لگالیں۔ مذکورہ کنکشن عرصہ دراز سے واجب الادا رقم 15177روپے ادانہیں کررہاہے۔

ایس ڈی او نے ڈیفالٹر کے خلاف ملازمین کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے اور کارسرکارمیں مداخلت کرنے پر تھانہ سٹی بوریوالہ میں مقدمہ درج کروادیاہے۔ رپورٹ کے مطابق26ستمبر2023ء تک جنوبی پنجاب میں رننگ ڈیفالٹرز کی کیٹگری میں دو سے تین ماہ کی مدت والے14ہزار979 ڈیفالٹرز سے 29کروڑ42لاکھ روپے، 4سے 6 ماہ کی مدت والے8 ہزار409 نادہندگان سے 29کروڑ72لاکھ روپے، 6ماہ سے ایک سال کی مدت والے ایک ہزار646 ڈیفالٹرز سے15کروڑ76لاکھ80ہزار روپے، ایک سے تین سال کی مدت والے218رننگ ڈیفالٹرز سے 2کروڑ17لاکھ روپے وصول کرکے خزانے میں جمع کروائے۔

ڈیڈڈیفالٹرز کی ایک ماہ سے ڈیڈڈیفالٹرز کی کیٹگری میں ایک ماہ کی مدت والے 2 ہزار396نادہندگان سے 3 کروڑ35لاکھ روپے، دو ماہ کی مدت والے ایک ہزار149 نادہندگان سے ایک کروڑ67لاکھ روپے، تین ماہ کی مدت والے801ڈیفالٹرز سے ایک کروڑ9لاکھ20ہزار روپے، 4سے6ماہ کی مدت والے880 ناد ہندگان سے 2کروڑ14لاکھ روپے، 6ماہ سے ایک سال کی مدت والے982نادہندگان سے 2کروڑ 6لاکھ30ہزارروپے، ایک سے تین سال کی مدت والے577ڈیفالٹرز سے 3کروڑ21لاکھ40ہزارروپے اور تین سال سے زائد مدت والے265مستقل نادہندگان سے ایک کروڑروپے سے زائد رقم وصول کی گئی۔